رعشہ کے مریض کو 14سال بعد جنرل ہسپتال میں ڈی بی ایس آپریشن سے شفا مل گئی

ہفتہ 17 مارچ 2018 21:57

رعشہ کے مریض کو 14سال بعد جنرل ہسپتال میں ڈی بی ایس آپریشن سے شفا مل ..
لاہور۔17 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مارچ2018ء)چودہ سال تک رعشہ کے مرض میں مبتلا رہنے والے والے مریض کو بالآخر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیوروسائنسزمیں ڈی بی ایس آپریشن کے بعد شفا مل گئی اور گزشتہ روز دس سال کے وقفے کے بعد وہ اس قابل ہو گیا کہ خود گاڑی چلا کر جنرل ہسپتال نیوروسرجری یونٹ II میں ڈاکٹر کے پاس معائنے کیلئے پہنچا۔

جوہر ٹائون کے رہائشی 64سالہ شاہد حسین خان کو پچاس سال کی عمر میں پارکنسنز کا مرض لاحق ہوا جس کے بعد اس کی زندگی ایک عضو معطل کی طرح بن کر رہ گئی۔ حال ہی میں ایل جی ایچ کے پروفیسرآف نیوروسرجری ڈاکٹر خالد محمود نے شاہد حسین کا ڈیپ برین سٹمولیشن آپریشن کیااور کامیاب آپریشن کے بعد شاہد حسین کے جسم سے رعشہ ختم ہو گیا۔ گزشتہ روز دس سال کے طویل عرصے کے بعد شاہد حسین خود گاڑی چلا کر ہسپتال آیاجہاں ڈاکٹروں، پیرا میڈکس اور مریضوں نے اسے صحت یابی پر مبارکباد دی۔

(جاری ہے)

شاہد حسین اور اس کے لواحقین نے پروفیسر خالد محمود اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ ایل جی ایچ واحد سرکاری ہسپتال ہے جہاں پارکنسنز کے علاج کی سہولت موجود ہے ۔ شاہد حسین نے کہا کہ اسے کئی جاننے والوں نے بیرون ملک علاج کرانے کا مشورہ دیا تھا تاہم اس نے اپنے شہر کی اس علاج گاہ کو ترجیح دی اور اللہ کا شکر ہے کہ وہ نہ صرف مکمل طور پر صحت یاب ہوا ہے بلکہ بیرون ملک علاج کے بے پناہ اخراجات ،ویزے کے مسائل اور کسی اٹینڈنٹ کوساتھ لے جانے کی صعوبت سے بھی بچ گیا ہے۔ اس نے کہا کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز میں دستیاب طبی سہولیات اور ڈاکٹرز کی مہارت کی جس قدر تعریف کی جائے کم ہے ۔