خطے کی جیو اکنامکس میں پاکستان اہم کردار ادا کر سکتا ہے، سی پیک کے ذریعے پاکستان ایک صنعتی پاور بن سکتا ہے اور اس حوالے سے مرکز بھی بن سکتا ہے

وفاقی وزیر داخلہ‘ منصوبہ بندی‘ ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال کی پی ٹی وی سے گفتگو

ہفتہ 17 مارچ 2018 23:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مارچ2018ء) وفاقی وزیر داخلہ‘ منصوبہ بندی‘ ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ خطے کی جیو اکنامکس میں پاکستان اہم کردار ادا کر سکتا ہے، سی پیک کے ذریعے پاکستان ایک صنعتی پاور بن سکتا ہے اور اس حوالے سے مرکز بھی بن سکتا ہے۔ ہفتہ کو پی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سی پیک سے سوشل انفراسٹرکچر، صنعت اور دیگر حوالوں سے انرجی انڈسٹریل کو آپریشن اور زراعت میں ترقی، سی پیک کے ذریعے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 2013ء میں ملک اندھیروں میں ڈوبا ہوا تھا، صنعت بند ہو رہی ہے، پورا معاشرہ بے چین تھا، سی پیک نے انرجی سیکٹر کو ترجیح دی اور حکومت نے ملک میں امن پر بھی بھرپور توجہ دی اور اب سرمایہ کار سرمایہ کاری کے لئے دلچسپی لے رہے ہیں، تھر میں پراجیکٹس پر کام ہو رہا ہے جو ہمیں توانائی کی دولت سے مالا مال کرے گا، میڈیا پر کچھ لوگ سی پیک کے بارے میں گمراہی پھیلا رہے ہیں، انرجی کے حوالے سے ایک روپیہ کا قرضہ نہیں ہے، گزشتہ چار سال کے دوران 11 ہزار 500 میگاواٹ بجلی قومی گرڈ میں شامل کی گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سی پیک کو ایک قومی منصوبہ بنایا، پہلے روز سے اس منصوبے پر توجہ دی اور اس حوالے سے آل پارٹیز کانفرنس بھی منعقد کی، اس میں تمام صوبائی حکومتوں کی آپس میں شمولیت ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان اور بلوچستان سی پیک کے گیٹ ویز ہیں، گلگت بلتستان میں بھی نئے روڈز بنا رہے ہیں، فائبر آپٹک بچھائی جا رہی ہے، سیاحت کے شعبے کو فروغ مل رہا ہے، بلوچستان میں گوادر پورٹ بن رہی ہے، تعلیم کے شعبے میں بہتری لائی جا رہی ہے۔