ڈالر کی قدر میں اچانک اضافہ‘اوپن مارکیٹ میں قیمت116روپے سے118روپے تک جا پہنچی‘ملک میں مہنگائی کی بڑی لہر کا خدشہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 20 مارچ 2018 15:19

ڈالر کی قدر میں اچانک اضافہ‘اوپن مارکیٹ میں قیمت116روپے سے118روپے تک ..
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔20مارچ۔2018ء) انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت اچانک بڑھ گئی اور ایک ڈالر کی قیمت میں 5 روپے 40 پیسے تک کا اضافہ دیکھا گیا ہے۔اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 116 روپے تک پہنچ گئی جبکہ انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 115 روپے 25 پیسے کا ہوگیا جبکہ کچھ شہروں میں ڈالر کی فروخت 118روپے میں ہونے کا اطلاعات بھی ہیں۔

اس حوالے سے اسٹیٹ بینک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈیمانڈ اور سپلائی کی وجہ سے روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہوا، تاہم اس معاملے پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور اسے حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔اسٹیٹ بینک نے کہا کہ اگر اس معاملے میں ضرورت پڑی تو اس پر تفصیلی بیان بھی جاری کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ڈالر کی قیمت میں اضافے کے بعد فاریکس ڈیلرز نے اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی فروخت روک دی ہے، فاریکس ڈیلرز کا کہنا ہے کہ جب تک مارکیٹ مستحکم نہیں ہوتی اوپن مارکیٹ میں ڈالر فروخت نہیں کریں گے۔

ڈالر کی قیمت میں اچانک اضافہ بیرونی ادائیگیوں کی وجہ سے ہوا، تاہم اس معاملے کو بہتر کرنے کی کوششیں کررہے ہیں۔خیال رہے کہ اس سے قبل بھی روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں اچانک اضافہ ہوا تھا اور ڈالر 110 سے 111 روپے تک پہنچ گیا تھا، جس کا اثر مختلف اشیاءکی قیمتوں پر دیکھا گیا ۔ ڈالر کی قدر میں اضافے کے بعد مہنگائی کی سطح میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سمیت درآمد شدہ اشیاءکی قیمتیں بڑھ جاتی ہیں۔

مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان پر بیرونی قرض کا حجم کم و بیش 89 ارب ڈالر ہے، ڈالر کی قدر میں حالیہ ریکارڈ اضافے کے باعث صرف ایک روز میں قرضوں کا حجم 800 ارب روپے تک بڑھ گیا ہے۔ ڈالر کی قدر میں اس اضافے کے باعث ملک میں مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا۔

متعلقہ عنوان :