ڈیرہ غازیخان ،سرکاری ملازمین کیلئے ہیلمٹ کا استعمال لازمی قرار دیدیاگیا

بھر پور ا ٓگاہی مہم چلانے ،سربراہان ادارہ سے عملدرآمد کا سر ٹیفکیٹ فراہم کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں

منگل 20 مارچ 2018 20:06

ڈیرہ غازیخان ،سرکاری ملازمین کیلئے ہیلمٹ کا استعمال لازمی قرار دیدیاگیا
ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2018ء) ضلع ڈیرہ غازیخان میں سرکاری ملازمین کیلئے ہیلمٹ کا استعمال لازمی قرار دے دیاگیا․ بھر پور ا ٓگاہی مہم چلانے اور سربراہان ادارہ سے عملدرآمد کا سر ٹیفکیٹ فراہم کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، اہم شاہرائوں ، مارکیٹوں سے تجاوزات کا خاتمہ کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

اس بات کا فیصلہ ڈپٹی کمشنر آفس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل غلام یاسین کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کے اجلاس میں کیاگیا․ اے ڈی سی جی نے کہاکہ ہیلمٹ استعمال نہ کرنے والے سرکاری ملازمین کے خلاف کارروائی کے ساتھ ٹریفک پولیس چالان میں نرمی نہ برتے ․ حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کو بچانے کیلئے موٹر سائیکل سواروں کیلئے ہیلمٹ کا استعمال ناگزیر ہے ․ سر میں اندرونی چوٹیں لگنے سے انسان موت کے منہ میں چلا جاتا ہے ․ اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ ہیلمٹ کے استعمال کو یقینی بنانے اور شعور اجاگر کرنے کیلئے آگاہی سیمینار منعقد کیے جائیں گی․ سڑکوں پر لین مارکنگ ، سائن بورڈز ، کیٹ آئیز اوردیگر اشارے نصب کیے جائیں ․ ٹریفک روانی میں رکاوٹ اور حادثات کا موجب بننے والے درختوں کی کانٹ چھانٹ کی جائے ․ موٹر وہیکل ایگزامینر گاڑیوں کی فٹنس چیک کریں ․ تیز رفتار اور کم عمر ڈرائیوروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائی․ اجلاس میںسیکرٹری بورڈ / ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122ڈاکٹر ناطق حیات نے بورڈ کی کارکردگی پر روشنی ڈالی ․ اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر خلیل احمد ، ڈی ایچ او ڈاکٹر ملک محمد ریاض ، سول ڈیفنس آفیسر خالد کریم ، اے پی ایم او ڈاکٹر خالد تحسین ، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز وسیم اختر ، ایس ڈی او میپکو فہد شمائل ، ایم وی ای محمد یوسف ، ڈی ایس پی پٹرولنگ کامران اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔