نہتے کشمیریوں کیخلاف بھارتی فورسز کی پر تشدد کارروائیاں انسانی حقوق کے اداروں کیلئے چشم کشاہیں،حریت فورم

عالمی انسانی حقوق تنظیمیں بھارتی جارحیت ، پرتشدد کارروائیوں کاسخت نوٹس لیں ،کشمیری عوام کوبھارتی تسلط سے آزادی دلائیں، ترجمان

منگل 20 مارچ 2018 20:52

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2018ء) مقبوضہ کشمیرمیںمیر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم نے مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسز کی طرف سینہتے کشمیریوں کے خلاف پر تشدد کارروائیوںاور گرفتاریوںکو انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں کیلئے چشم کشا قرار دیاہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فورم کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں افسوس ظاہر کیاکہ سانحہ چھٹی سنگھ پورہ کو18۱ سال مکمل ہونے کے باوجود ابھی تک اس المناک سانحہ میں ملوث کسی بھی مجرم کے خلاف نہ تو کوئی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے اور نہ ہی متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کیا گیا ۔

انہوںنے چھٹی سنگھ پورہ قتل عام کو18برس مکمل ہونے کے موقع پر کشمیر کی سکھ برادری کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت اور اسکی کٹھ پتلی انتظامیہ کی طرف سے چھٹی سنگھ پور ہ سمیت کشمیریوں کے قتل عام کے واقعات پر مجرمانہ خاموشی ظاہر کرتی ہے کہ سرکاری سطح پر حقائق چھاپنے کی مذموم کوششیں جاری ہیں اور آج بھی نہتے کشمیریوںکے قاتل آزاد گھوم رہے ہیں جو انصا ف پسند اقوام و ممالک اور عالمی ضمیر کیلئے ایک کھلا چیلنج ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ چھٹی سنگھ پورہ کی طرح پتھری بل اور براکہ پورہ کے قتل عام کے سانحات کے مجرموں کے خلاف بھی کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی ۔ترجمان نے کہاکہ گزشتہ تین دہائیوں کے دوران کشمیر میں زکورہ، اسلامیہ کالج حول، گائو کدل، سوپور، بجبہاڑہ، کپواڑہ، ہندواڑہ اور شوپیاںسمیت کشمیریوںکے قتل عام کے بے شمارسانحات بھارتی فورسز کے ظلم کی منہ بولتی داستانیں ہیں اور آج تک نہ توکسی مجرم کو عدالت کے کٹہرے میں لایاگیا ہے اور نہ ہی متاثرین کو انصاف فراہم کیا گیاہے ۔انہوںنے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ کشمیری عوام کے خلاف جاری بھارتی جارحیت اورپرتشدد کارروائیوں کاسخت نوٹس لیں اور کشمیری عوام کوبھارتی تسلط سے آزادی دلائیں۔

متعلقہ عنوان :