غیر روایتی طریقوں سے پھل کی مکھی کے انسداد کیلئے منصوبہ کا آغاز کردیا گیا

منگل 20 مارچ 2018 23:31

ملتان ۔20مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2018ء)محکمہ زراعت پنجاب ملتان کے ترجمان نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے غیر روایتی طریقوں سے پھل کی مکھی کے انسداد کیلئے منصوبہ کا آغاز کردیا گیا ہے۔ اس منصوبہ کے تحت آم، ترشاوہ پھلوں اور امرود کے باغبانوں کو سبسڈی پر میتھائل یوجینال، پروٹین ہائیڈرولائسیٹ، میلاتھیان اور جنسی پھندے فراہم کیے جائیں گے۔

ترجمان نے کہا کہ ملتان، رحیم یار خان، مظفرگڑھ، خانیوال اور بہاولپورکے اضلاع میں آم کے باغبان، سرگودھا، منڈی بہائوالدین، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ساہیوال اور وہاڑی کے اضلاع میں ترشاوہ پھل جبکہ شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، قصور، فیصل آباد اور اوکاڑہ کے اضلاع میں امرود کے باغبان حکومت پنجاب کے اس منصوبہ سے مستفید ہوسکیں گے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے مزید کہا کہ آم / ترشاوہ پھل/ امرود کے باغات کے 1 تا 12 ایکڑ رقبہ کے مالک /مزارع /ٹھیکیدار 50 فیصد جبکہ 12 ایکڑ سے زائد کے مالک /مزارع / ٹھیکیدار 30 فیصد سبسڈی پر میتھائل یوجینال، پروٹین ہائیڈرولائسیٹ، میلاتھیان اور جنسی پھندے حاصل کرنے کیلئے درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔

درخواست فارم متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹرز زراعت (توسیع)، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز زراعت(توسیع) اور زراعت آفیسر(توسیع) کے دفاتر سے مفت حاصل کریں یا محکمہ زراعت (توسیع) کی ویب سائٹ www.ext.agripunjab.gov.pk سے ڈائون لوڈ کیے جاسکتے ہیں۔ درخواست فارم کی فوٹو کاپی بھی قابل قبول ہوگی۔ مکمل تصدیق شدہ درخواستیں متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) کے دفتر میں دستی یا بذریعہ ڈاک وصول کی جائیں گی۔ درخواستیں وصول کرنے کی آخری تاریخ 22 مارچ 2018ء ہے۔