پرامن اورمستحکم افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے ، خطے میں پائیدار امن کیلئے مسئلہ کشمیرکو جلد، منصفانہ، عوامی امنگوں اوراقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنا ہوگا ، تہمینہ جنجوعہ

بدھ 21 مارچ 2018 16:44

پرامن اورمستحکم افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے ، خطے میں پائیدار ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2018ء) سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا ہے کہ پرامن اورمستحکم افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے ،دونوں ملکوں کے عوام افغانستان میں مزید جنگ وجدل کا متحمل نہیں ہوسکتے، خطے میں پائیدار امن کیلئے مسئلہ کشمیرکو جلد، منصفانہ، عوامی امنگوں اوراقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنا ہوگا، سی پیک مشرق وسطی اور وسط ایشیاء کے مابین پل کا کردار ادا کریگا، پاکستان اقتصادی تعاون تنظیم کے تحت تاپی گیس پائپ لائن منصوبے کیلئے سنجیدہ کاوشیں کررہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ’’پاکستان مشرق وسطیٰ کے ممالک کے لئے مواقع کی سرزمین‘‘ کے حوالے سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ، منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال، وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی لیفٹینٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ، سنٹر فار گلوبل اینڈ سٹر یٹیجک سٹڈیز اسلام آباد کے صدر میجر جنرل( ر) سید خالد عامر جیفری، تاجکستان کے سنٹر فار سٹر یٹیجک سٹڈیز کے ڈائریکٹر خودو بردی، ازبکستان کے سابق نائب وزیر اعظم اور ازبکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے موجودہ صدر اکرامووف ادخم، آل پاکستان نیوز پیپر سوسائیٹی کے صدر سرمد علی اور قزاخسستان انسٹی ٹیوٹ برائے سٹر یٹیجک سٹڈیز کے چیف ریسرچ فیلو سیمت کثیر تعداد میں شرکا موجود تھے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا ہے کہ وسطی ایشیا میں پاکستان کیلئے بے پناہ مواقع ہیں، تاہم بین الاقوامی گروہوں، عناصر اورشدت پسندوں کا سامنے آنا لمحہ فکریہ ہے، افغان تنازعہ سے پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہوا، پرامن اورمستحکم افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے عوام افغانستان میں مزید جنگ وجدل کا متحمل نہیں ہوسکتے۔

سیکرٹری خارجہ نے امن کیلئے افغان صدرکے حالیہ اعلان کا خیر مقدم کیااور کہا کہ پاکستان افغانستان میں مفاہمی عمل کیلئے تعاون جاری رکھے گا۔ افغانستان جنگی معاشیات کا حصہ بن چکا ہے،افغان تنازعہ سے خطے میںاسلحہ، منشیات اوردہشت گردی کو فروغ ملا۔تہمینہ جنجوعہ نے مقبوضہ کشمیرسے متعلق کہا کہ مسئلہ کشمیرکے باعث جنوبی ایشیاء میں ترقی رک گئی ہے، مسئلہ کشمیرکے جلد، منصفانہ، عوامی امنگوں اوراقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل سے ترقی یقینی ہوگی، امید ہے کہ بھارت جلد مسئلہ کشمیرکے پرامن حل کی جانب جائے گا اور تعاون کو یقینی بنانے کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھائے گا۔

سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ چین کا ابھرنا اورسی پیک منصوبہ علاقائی ترقی کا منصوبہ ہے، دنیا یک قطبی سے کثیر قطبی کی جانب بڑھ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی طاقت کا توازن تبدیل ہورہا ہیں۔

متعلقہ عنوان :