برٹش کونسل کے پاکستان میں اٹھائے گئے اقدامات کو سراہتے ہیں،گورنر سندھ

بدھ 21 مارچ 2018 23:03

برٹش کونسل کے پاکستان میں اٹھائے گئے اقدامات کو سراہتے ہیں،گورنر سندھ
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ برٹش کونسل کا پاکستان میں سماجی شعبہ کی بہتری اور پاک برطانیہ عوام کے درمیان معلومات کے تبادلہ میں کلیدی کردار ادا کررہا ہے، 70 برس قبل برٹش کونسل عالمی سطح کی پہلی آرگنائزیشن تھی جس نے نئے وجود میں آنے والے ملک، پاکستان میں ثقافتی شعبہ کی ترقی اور معلومات کے تبادلہ کے لئے اپنی سرگرمیوں کا آغاز کیا۔

بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں برٹش کونسل کے پاکستان میں 70 برس مکمل ہونے کی تقریب سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر برٹش ہائی کمشنر تھامس ڈریو(Mr.Thomas Drew)، برٹش ڈپٹی ہائی کمشنر مس ایلن برنس، برٹش کونسل پاکستان کی ڈائریکٹر روز میری ہل ہوسٹ (Ms.Rosemary Hilhost)، صنعت کار، تاجر، سرمایہ کار، کاروباری افراد اور دیگر پاک برطانیہ مختلف شعبہ جات کے سربراہان کی بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

گورنرسندھ نے کہا کہ برٹش کونسل کا حکومت پاکستان سے بھرپور تعاون پاکستان اور اس کے عوام پر ان کے اعتماد کا واضح مظہر ہے، برٹش کونسل کی لائبریریز طالب علموں کی معلومات میں اضافہ کا باعث ثابت ہوئی ہیں، آج کی تقریب میں موجود افرادبھی برٹش کونسل کی لائبریری سے کبھی نہ کبھی مستفید ہوئے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے معاشی حب کراچی میں ایک بار روشنیاں بحال ہونا شروع ہو چکی ہیں، معاشی شہ رگ کے حامل شہر میں رات گئے تک سماجی، ثقافتی، معاشی، تعلیمی سرگرمیاں اور کھیلوں کے مقابلے جاری رہتے ہیں جس میں غیر ملکی شہریوں کی بڑی تعداد بھی شریک ہوتی ہے اس سے قبل 2013ء تک ایسا ہونا ناممکن تھا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کی معیشت میں کلیدی کردار ادا کرنے والا انتہائی اہمیت کا حامل شہر ہے جس میں رونما ہونے والی ہر مثبت یا منفی سرگرمیوں کا براہ راست اثر پورے ملک کے حالات یا معیشت پر پڑتا ہے، 2013ء میں امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث غیر ملکی یہاں آنے سے ہچکچاتے تھے، موجودہ حکومت نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر امن و امان کے قیام کو یقینی بنایا۔

تقریب سے خطاب میں برٹش کونسل پاکستان کی ڈائریکٹر روز میری ہل ہوسٹ Ms.Rosemary Hilhost نے کہا کہ 70 برس قبل رواں ماہ میں ہمارے ادارے نے کراچی میں اپنے کام کا آغازکیا تھا یہ ایک نئے ملک میں عالمی سطح پر کام کرنے والی آرگنائزیشن کا پہلا قدم تھا، پاکستان کے عوام ہمارے لئے بہت اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا ادارہ پاکستان میں دستیاب با صلاحیت افرادی قوت کے بہتراستعمال کے لئے اقدامات کررہا ہے، 70 برس قبل کراچی میں ہمارا صرف ایک دفتر تھا آج پورے پاکستان میں 30 سے زائد دفاتر قائم کئے جا چکے ہیں۔

تقریب سے خطاب میں پاکستان میں تعینا ت برطانیہ کے ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے کہا کہ مجھے برٹش کونسل کی 70 سالہ کاوشوں پر فخر ہے، ہمارے دوطرفہ معاہدے، تاریخ، ثقافت، مشترکہ اقدامات اور مستقبل کی ضروریات کے مطابق مزید موثر اقدامات،عوامی فلاح و بہبود کے کام، معاشی، سرمایہ کاری اور تجارت دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط و مستحکم کرنے میں مدد گار ثابت ہورہے ہیں۔

تقریب میں برٹش کونسل نے 70 سالہ تعاون کے ضمن میں تصاویری تاریخ پر مشتمل کتاب کا اجراء بھی کیا جس میں برٹش کونسل پاکستانی عوام کے باہمی تعلقات کو اجاگر کیاگیا ہے اس کا مقصد پاک برطانیہ دوطرفہ تعلقا ت کا تاریخی حوالوں سے جائزہ لینا بھی ہے اس میں روز مرہ کے معمولات اور اقدامات کو بڑی خوبصورتی سے بیان کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ تاریخی حوالوں سے مرتب کردہ کتاب Ms.Rosemary Hilhost اور پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے گورنر سندھ محمد زبیر کو پیش کی۔

متعلقہ عنوان :