چین کے ساتھ تجارتی اور سرمایہ کارانہ روابط اہم ہیں، میئر لندن

جمعرات 22 مارچ 2018 20:07

چین کے ساتھ تجارتی اور سرمایہ کارانہ روابط اہم ہیں، میئر لندن
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مارچ2018ء) برطانوی شہر لندن کے میئر صادق خان نے بریگزٹ سے وابستہ غیر یقینی کے تناظر میں چین کے ساتھ تجارتی اور سرمایہ کارانہ روابط کی اہمیت پر زور دیا ہے۔عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق صادق خان نے برطانیہ میں تعینات چینی سفیرلیو شیاو منگ اور150 سے زائد چینی سرمایہ کاروں کے ساتھ سٹی ہال، لندن میں منعقدہ ایک استقبالیے میں ملاقات کی۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ چینی کاروباری ادارے اور بڑھتی ہو ئی چینی کمیونٹی لندن کے معاشرے میں اپنا اہم کردار ادا کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کی تیزی سے بڑھتی ہوئی معیشت کے طور پر چین، لندن کے نمایاں سرمایہ کاروں میں سے ایک ہے۔ دی بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو سے لندن اور چینی کاروباری اداروں کے لیے نئے مواقع دستیاب ہوں گے او ر باہمی معاشی اور ثقافتی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

(جاری ہے)

مذکورہ استقبالیہ تقریب میں دی بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کے حوالے سے ایک آن لائن پلیٹ فارم کابھی اجرا کیا گیا۔ اس پلیٹ فارم سے لندن اور چین کے مابین تجارتی اور سرمایہ کارانہ تعلقات کو مضبوط بنایا جائے گا ۔ برطانیہ میں تعینات چینی سفیر نے کہا چین میں اصلاحات سے برطانیہ کے ساتھ تعاون کے وسیع مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ ایک حالیہ تحقیق کے مطابق دی بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو سے برطانیہ کی جی ڈی پی میں سالانہ 1.8 ارب برطانوی پاونڈ اضافے کا امکان ہے۔۔

متعلقہ عنوان :