ہزارہ یونیورسٹی کے طلباء و طالبات کا محکمہ جنگلات کے زیراہتمام تقریری مقابلوں کے دوران شاندار کارکردگی کا مظاہرہ

جمعرات 22 مارچ 2018 21:37

ایبٹ آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2018ء) ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ میں کے طلباء و طالبات نے تقریری مقابلوں کے دوران شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ جنگلات صوبہ خیبر پختونخوا کے زیراہتمام جلال بابا آڈیٹوریم ایبٹ آباد میں ’’جنگلات شہروں کیلئے ضروری ہیں‘‘ کے عنوان پر منعقدہ تقریری مقابلوں میں ہزارہ ڈویژن کی یونیورسٹیوں اور تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ان تقریری مقابلوں میں ہزارہ یونیورسٹی کے طلباء راجہ قاسم اور نمرہ سہراب نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشنز حاصل کیں۔ ہزارہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس نے یونیورسٹی طلباء کی تقریری مقابلوں میں پوزیشنز حاصل کرنے پر ان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کے طلباء و طالبات نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی ہزارہ یونیورسٹی کا نام روشن کر رہے ہیں، تقریری مقابلوں میں نمایاں کارکردگی ان طلباء کی ذہانت، محنت اور قابلیت کا ثبوت ہے۔ تقریری مقابلوں کے اختتام پر پوزیشنیں لینے والے طلباء میں سرٹیفکیٹ اور نقد انعامات تقسیم کئے گئے۔