علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا ملک بھر میں موجود اپنے لاکھوں طلبہ و طالبات میں حب الوطنی کے جذبے کے فروغ کے لئے مختلف ھم نصابی سرگرمیوں کا آغاز

جمعہ 23 مارچ 2018 13:03

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2018ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے ملک بھر میں موجود اپنے لاکھوں طلبہ و طالبات میں حب الوطنی کے جذبے کے فروغ کے لئے مختلف ھم نصابی سرگرمیاں شروع کردی ہیں اور قومی ادارے کی حیثیت سے اوپن یونیورسٹی خواہش رکھتی ہے کہ ہمارے طلبہ معاشرے کی رضاکارانہ خدمات میں سب سے آگے ہوں۔ ہم نے بعض ایسے نئے تعلیمی پروگرامز شروع کئے ہیں جو براہ راست معاشرے کے سماجی و اقتصادی مسائل کے ساتھ منسلک ہیں۔

ان خیالات کا اظہار یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کیا ہے۔ انہوں نے طلباء کے نام اپنے پیغام میں مزید کہا کہ آج ہمیں اس عہد کی تجدید کرنی ہوگی کہ اپنی ذمہ داریاں پوری توجہ اور ایمانداری سے سرانجام دیں گے اور ہر میدان میں قوم اور وطن کا نام روشن کریں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ یوم پاکستان کو بھر پور انداز میں منانے کے لئے ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹ افئیرز کو راولپنڈی اور اسلام آباد کے طلبہ و طالبات کے مابین ملی نغموں، بیت بازی اور پینٹنگ کے مقابلے منعقد کرانے کا اہتمام کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

ڈائریکٹر سٹوڈنٹ آفئیرز رانا طارق جاوید کے مطابق یہ مقابلے 28مارچ کو منعقد ہوںگے اور تقریب کے دوسرے حصے میں یوم پاکستان کے حوالے سے ایک ڈرامہ بھی پیش کیا جائے گا اور مشاعرہ کابھی انعقاد ہوگا۔

متعلقہ عنوان :