زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں یوم پاکستان ملی جوش و خروش اورجذبے کے ساتھ منایا گیا

دھرتی ماں کے تحفظ اور اس سے محبت کا اظہار اسی صورت میں مکمل ہوگا کہ ہم اپنی تمام صلاحیتیں ارض وطن کیلئے وقف کر دیں‘وائس چانسلر

جمعہ 23 مارچ 2018 15:00

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2018ء) قرار داد پاکستان کے 78سال مکمل ہونے پر ملک کے دوسرے شہروں اور اداروں کی طرح زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں بھی یوم پاکستان ملی جوش و خروش ‘جذبے اور اس عزم کے ساتھ منایا گیا کہ ملک کی ترقی ‘ خوشحالی اور اسے قائد ؒکے خوابوں کی حقیقی تعبیر بنانے کیلئے ہر فرداپنے فرائض پوری ذمہ داری سے ادا کرے گا۔

یونیورسٹی کے نیو سینٹ ہال میں منعقد ہونے والے سیمینار کے مہمان خصوصی یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اقبال ظفر نے اپنے خطاب میں نوجوانوں پر زور دیا کہ اپنی حقیقی ماں کے ساتھ ساتھ ماضی اور مستقبل کی ہزاروں نسلوں کو پالنے والی دھرتی ماں کے تحفظ اور اس سے محبت کا اظہار اسی صورت میں مکمل ہوگا کہ ہم اپنی تمام صلاحیتیں ارض وطن کیلئے وقف کر دیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انسان اپنے عہدے اور دنیاوی وسائل سے بڑا نہیں ہوتا بلکہ اسکا پختہ کردار اور اپنے مقصدسے سچی لگن ہی اسے دنیا بھر میں معتبر اور محترم بناتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظمؒ کے فرمودات سے روشنی کشید کرکے تصور سے تعبیرتک کے سفر کا روشن ستارہ بن کر ملک کو عظیم سے عظیم تر بنانے کیلئے ہر شخص اپنی خدمات سرانجام دے تو کوئی وجہ نہیں کہ پاکستان دنیامیں تیزی سے ترقی کرنے والا ملک نہ بن سکے۔

انہوں نے کہا کہ 1940ء میں برصغیر کے مسلمانوں نے منٹوپارک میں جس جذبے ‘ولولے اور خلوص کے ساتھ پیش کی گئی الگ ملک کی قرارداد کو حقیقت کا رنگ دینے کیلئے رخت سفر باندھا تھا اس کی حقیقی تعبیر کیلئے ضروری ہے کہ اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں ہمیشہ ملک کی ترقی و خوشحالی کا جذبہ مقدم رہے۔ سیمینار سے سینئر ٹیوٹر ڈاکٹر اطہر جاوید خاں‘ ایسوسی ایٹ سینئر ٹیوٹرڈاکٹر طاہر صدیقی‘ ڈین کلیہ زرعی انجینئرنگ ڈاکٹر اللہ بخش‘ ڈاکٹر عاصم عقیل ‘ڈاکٹر کاشف اوراحتشام اکبر نے بھی خطاب کیا جبکہ سانول ڈھلوںنے اپنے مدثر آواز میں ملی نغمے پیش کئے۔