یوم پاکستان‘ المصطفیٰ ویلفیئرسوسائٹی کے زیراہتمام پرچم کشائی ‘ سپیشل بچوں کی تقریب

المصطفیٰ کمپلیکس میں صدرالمصطفیٰ عتیق احمدکیانی نے پرچم کشائی کی‘ سپیشل بچوںنے سبزہلالی پرچم لہراتے ہوئے ملی نغمے اور خاکے پیش کرکے حاضرین سے خوب دادوصول کی ملک کو مشکلات سے نکالنے کا واحد راستہ نظام مصطفیﷺ کا نفاذ ہے اور یہ ملک انہی مقاصد کی تکمیل کیلئے دوقومی نظریہ کی بنیاد پر قائم کیا گیا تھا‘علامہ شجاع الرحمان ودیگرکاخطاب

جمعہ 23 مارچ 2018 15:16

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2018ء)سماجی تنظیم المصطفیٰ ویلفیئرسوسائٹی کے زیراہتمام یوم پاکستان کی مناسبت سے پرچم کشائی ‘ ادارہ بحالی جسمانی معذوراں میں سپیشل بچوں نے یوم پاکستان کی تقریب کاانعقادکیا‘تقریب میں سپیشل بچوںنے پاکستان کے سبزہلالی پرچم لہراتے ہوئے ملی نغمے ‘ترانے اور خاکے پیش کرکے حاضرین سے خوب دادوصول کی۔

تقریب میں المصطفیٰ کی سینٹرل ایگزیکٹوکمیٹی کے ممبران صغیراحمدرضا‘سیدمنظورحسین شاہ،پی ڈی شعبہ ہیلتھ محترمہ سخی جان،ڈاکٹرحسیب فاروق ‘علامہ قاری شجاع الرحمان سمیت المصطفیٰ کے کارکنان اور ادارہ بحالی جسمانی معذوراں کے المصطفیٰ سنٹرآف ہوپ میںزیرعلاج و زیرتربیت سپیشل بچوں اور ان کے والدین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے قبل المصطفیٰ کمپلیکس میں پرچم کشائی کی گئی جس میں صدرالمصطفیٰ عتیق احمدکیانی سمیت دیگر ذمہ داران اور بچوں نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ قاری شجاع الرحمان نے کہاکہ پاکستان بیش بہا قربانیاں دے کر حاصل کیا گیا ہے اور اس کی بنیاد قراردادپاکستان ہے جو 23مارچ 1940ء کو لاہور مینار پاکستان کے مقام پر پیش کی گئی تھی۔ اس قراردادسے قبل حکیم الامت حضرت علامہ محمداقبال نے پاکستان کا خاکہ پیش کیا تھا جس کی عملی تعبیر کے لئے اسی قراردادپاکستان کی روشنی میں پوری قوم نے حضرت قائداعظم محمدعلی جناحؒ کی قیادت میں قیام پاکستان کے لئے جدوجہد کی جو معجزانہ طورپر محض 7سال بعد 14اگست 1947ء کو پایہء تکمیل تک پہنچی اور پاکستان کے قیام کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا۔

انہوںنے کہاکہ آزادی بہت بری نعمت ہے جس کو لاکھوں جانوں کی قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا ہے ۔انہوںنے کہاکہ اب ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم اس آزادی کی قدر کرین جو صرف اسی صورت ممکن ہے کہ ہم اس ملک اور اس میں رہنے والی ملت کی اخلاص کے ساتھ خدمت کریں، اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں اور اپنی بساط کے مطابق اس ملک اور ملت کی ترقی وخوشحالی کے لئے کرداراداکریں،انہوںنے کہاکہ موجودہ حالات میں ملک و ملت کو بہت سے بحرانوں اورمشکلات کا سامنا ہے‘ ملک کو مشکلات سے نکالنے اوراغیار کی سازشیں ناکام بنانے کیلئے پوری قوم کو تحریک پاکستان جیسے اتحادو یگانگت کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔

انہوںنے کہاکہ ملک کو مشکلات سے نکالنے کا واحد راستہ نظام مصطفیﷺ کا نفاذ ہے اور یہ ملک انہی مقاصد کی تکمیل کیلئے دوقومی نظریہ کی بنیاد پر قائم کیا گیا تھا۔