آزادجموں و کشمیر بھر،بیرون ملک مقیم کشمیریوں اور مقبوضہ کشمیر بھر میں یوم پاکستان پورے جوش و خروش اور قومی جذبے سے منایا گیا

جمعہ 23 مارچ 2018 17:38

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2018ء) آزادجموں و کشمیر بھر،بیرون ملک مقیم کشمیریوں اور مقبوضہ کشمیر بھر میں یوم پاکستان پورے جوش و خروش اور قومی جذبے سے منایا گیا۔وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے خصوصی ہدایت جاری کی تھی کہ 23 مارچ پورے ملی جذبے سے منایا جائے۔وزیراعظم کی ہدایت پر تینوں ڈویزنز میرپور،مظفرآباد اور پونچھ میں اس حوالے سے خصوصی تقاریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وزراء کرام نے پرچم کشائی کی۔

ضلعی اور تحصیل کی سطح پر بھی بھرپور تقاریب منعقد کی گئیں۔مقررین نے اس حوالے سے یوم پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کیا اور پاکستان کے ساتھ کشمیریوں کے انمٹ اور اٹوٹ رشتوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔وزیراعظم آزادکشمیر نے پریڈ گراونڈ اسلام آباد میں ہونے والی شاندار اور بے مثال پاک فوج کی پریڈ میں خصوصی مہمان کی حیثیت سے شرکت کی اور تینوں مسلح افواج کی عسکری صلاحیتوں کے مظاہرے کو دیکھا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے غیر رسمی بات چیت کے دوران شاندار عسکری پریڈ پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ یوم پاکستان اتحاد اور یگانگت کا درس دیتا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ہماری جان ہے آج مقبوضہ کشمیر میں جگہ جگہ سبز ہلالی پرچم لہرائے گئے اور یوم پاکستان کے حوالے سے تقاریب منعقد کی گئیں۔انہوں نے اس موقع پر تحریک آزادی کے شہداء کوشاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔

دریں اثناء وزیر اطلاعات راجہ مشتاق منہاس نے یوم پاکستان کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوے کہا کہ آج کا دن اتفاق اور قوم میں یکجہتی پیدا کرنے کا دن ہے۔انہوں نے کہا کہ 23 مارچ 1940 کو مسلمانان ہند نے ایک ہو کر ناممکن کو ممکن بنا دیا آج بھی اس امر کی ضرورت ہے کہ ہم ایک ہو کر ملک کو درپیش چیلنجوں سے نبرد آزما ہو جائیں اور ملک کو عظیم سے عظیم تر بنا دیں۔

سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق نے یوم پاکستان کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ ملک اور قوم جمہوری تسلسل سے ہی آگے بڑھیں گے۔انہوں نے کہا کہ راجہ فاروق حیدر کی قیادت میں مسلم لیگ ن کی حکومت قائداعظم کے افکار کے مطابق ایک ترقی یافتہ ملک کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروے کار لائے گی۔انہوں نے پاک فوج کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔وزیر ورکس چوہدری محمد عزیز نے یوم پاکستان پر تقریب سے خطاب میں مسلمانان ہند کی عظیم۔جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ ایٹمی پاکستان نہ صرف خطے کے مسلمانوں کے لئے ایک بڑا سہارا ہے بلکہ یہ دنیا بھر کے مسلمان ملکوں کے لئے قوت کا نشان ہے۔