سینئر صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو کا چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات کا اچانک دورہ

جمعہ 23 مارچ 2018 22:21

سینئر صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو کا چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات کا ..
لاڑکانہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2018ء) سینئر صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو نے گذشتہ روز چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے وارڈ میں جاکر مریضوں سے ادویات اور علاج معالجے سے متعلق معلومات حاصل کیں۔ اس موقع پر نثار احمد کھوڑو نے مریضوں کو یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ صحت کے شعبے میں بہتری لائی ہے جس سے اسپتالوں میں مریضوں کو مفت ادویات ملنے اور ڈاکٹروں کی بھی موجودگی ضرور ہونی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ ہسپتال کی جانب سے مریضوں کو مفت ادویات فراہم نہیں کی جاتیں اور ڈاکٹر اپنی ڈیوٹیاں بہتر طریقے انجام نہیں دیتے تو پھر عملے اور ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے ڈاکٹروں کی تنخواہوں میں اضافہ کرکے انہیں پروموشن دیئے وہ عملے سمیت اسپتالوں میں اپنی موجودگی اور ادویات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے شعبہ حادثات اور اسپتال میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ بعد ازاں نثار احمد کھوڑو نے این آئی سی وی ڈی سینٹر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ڈاکٹروں سے دل کے مریضوں کی علاج اور ادویات کے متعلق بریفنگ لی۔ اس موقع پر میئر محمد اسلم شیخ، پیپلز پارٹی ضلعی صدر عبدالفتاح بھٹو، نورالدین ابڑو، شکیل میمن اور دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔