سری لنکا کے صدر متھری پالا سری سینا اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے درمیان ملاقات

پاکستان اور سری لنکا کا دو طرفہ تعلقات اور روابط کو مضبوط بنانے پر اتفاق سری لنکا کے صدر متھری پالا سری سینا کا پاکستان میں سارک سربراہ کانفرنس کے انعقاد کیلئے تعاون کا اعلان

جمعہ 23 مارچ 2018 22:32

سری لنکا کے صدر متھری پالا سری سینا اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2018ء) پاکستان اور سری لنکا نے دو طرفہ تعلقات اور روابط کو متنوع اور مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے جبکہ سری لنکا کے صدر متھری پالا سری سینا نے پاکستان میں سارک سربراہی کانفرنس کے انعقاد کیلئے مکمل تعاون فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اتفاق رائے سوشلسٹ جمہوریہ سری لنکا کے صدر متھری پالا سری سینا اور پاکستان کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے درمیان ہونے والی ملاقات اور بعد ازاں وفود کی سطح پر مذاکرات میں حاصل کی گئی۔

جمعہ کو یہاں جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سری لنکا کے صدر سے وزیراعظم ہائوس میں ملاقات کی۔ دونوں رہنمائوں کے درمیان پہلے ون آن ون ملاقات ہوئی جس کے بعد انتہائی گرمجوشی کے ماحول میں وفد کی سطح پر مذاکرات منعقد ہوئے۔

(جاری ہے)

ان ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان مستقبل میں تعلقات مزید فروغ پائیں گے۔

فریقین نے پاکستان اور سری لنکا نے دو طرفہ تعلقات اور روابط کو متنوع اور مضبوط بنانے پر اتفاق ظاہر کیا۔ سری لنکا کے صدر نے پاکستان میں جنوبی ایشیائی ممالک کی علاقائی تنظیم سارک سربراہی کانفرنس کے انعقاد کیلئے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان مفاہمت کی تین دستاویزات پر دستخط کئے گئے۔ پاکستان کی فارن سروس اکیڈمی اور سری لنکا کے بین الاقوامی ڈپلومیٹک تربیتی انسٹی ٹیوٹ، وزارت بین الصوبائی رابطہ پاکستان اور سری لنکا کی وزارت قومی پالیسیاں و اقتصادی امور کے مابین نوجوانوںکی ترقی کے شعبے میں تعاون کی دستاویز اور نیشنل سکول آف پبلک پالیسی پاکستان اور سری لنکا کے انسٹی ٹیوٹ برائے ڈویلپمنٹ ایڈمنسٹریشن کے مابین مفاہمت کی دستاویزات پر دستخط کئے گئے۔

اس موقع پر سری لنکا کے صدر نے وزیراعظم کو 10 کارنیا بھی پیش کئے جو بصارت سے محروم افراد کے لئے عطیہ کئے جائیں گے۔ قبل ازیں سری لنکا کے صدرمتھری پالاسری سینا جب وزیراعظم ہائوس پہنچے تو وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے ان کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔