حضرت مادھو لال حسینؒ کا 430واں عرس (میلہ چراغاں )شروع، سکیورٹی کے سخت انتظامات

وزیر اوقاف زعیم قادری نے رسم چادر پوشی سے تین روزہ تقریبات کا افتتاح کیا ، وفاقی وزیر پرویز ملک سمیت دیگر کی بھی حاضری ملک بھر سے زائرین کی آمد کا سلسلہ جاری ،محکمہ اوقاف کی طرف سے دربار پر آنے والے عقیدت مندوں کیلئے خصوصی انتظامات

ہفتہ 24 مارچ 2018 21:56

حضرت مادھو لال حسینؒ کا 430واں عرس (میلہ چراغاں )شروع، سکیورٹی کے سخت ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2018ء) برصغیر پاک وہند کے صوفی بزرگ حضرت شاہ حسین المعروف مادھو لعل حسین رحمتہ اللہ علیہ کے 430 ویں سالانہ عرس ( میلہ چراغاں )کی تین روزہ تقریبات کا آغاز ہو گیا، عرس تقریبات کا افتتاح صوبائی وزیر اوقاف و مذہب امور سید زعیم حسین قادری نے رسم چادر پوشی سے کیا،وفاقی وزیر تجاوت پرویز ملک سمیت دیگر نے بھی مزار پر چادر چڑھائی،ملک بھر سے زائرین کی آمد کا سلسلہ جاری ، سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق باغبانپورہ شالیمار کے علاقے میں حضرت سخی مادھو لعل حسین رحمتہ اللہ علیہ کا430واں سالانہ عرس شروع ہو گیا جو تین روز تک جاری رہے گا جسے لاہوری میلہ چراغاں کے نام سے بھی جانتے ہیں۔ عرس تقریبات کا افتتاح صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور پنجاب سید زعیم حسین قادری نے رسم چادر پوشی سے کیا،اس موقع پرزونل ایڈمنسٹریٹر اوقاف لاہور اور منیجر اوقاف سرکل نمبر5لاہورنے شرکت کی۔

(جاری ہے)

بعد ازاں وفاقی وزیر تجارت پرویز ملک سمیت دیگر نے بھی مزار پر حاضری دیکر چادریں چڑھائیں اور ملکی سلامتی و خوشحالی کے لئے دعائیں کیں ۔ملک بھر سے زائرین کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا۔محکمہ اوقاف نے زائرین کی سہولت اور دربار پر آنے والے عقیدت مندوں کیلئے خصوصی انتظامات کیے ہیں، دربار کو برقی قمقوں سے سجا یا گیا ہے، زائر ین کیلئے لنگر کا بھی وسیع انتظام کیا گیا۔ زائرین دربار پر چادریں بھی چڑھا رہے ہیں۔ خواتین دربار پر چراغ روشن کرکے منتیں مانگ رہی ہیں۔دربار کے اندرونی اور داخلی راستوں پر پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، اس کے علاوہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے صورتحال کی نگرانی بھی کی جارہی ہے۔

متعلقہ عنوان :