سورج مکھی کی فصل سے بہتر پیداوار کے حصول کیلئے بروقت آبپاشی کی جائے، تر جمان محکمہ زراعت

ہفتہ 24 مارچ 2018 22:26

ملتان۔24 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2018ء)محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے کہا ہے کہ سورج مکھی کی فصل سے بہتر پیداوار کے حصول کیلئے بروقت آبپاشی کی جائے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ سورج مکھی کی بہاریہ فصل کو عام طور پر 5 آبپاشیوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ پہلا پانی فصل کے اگائو سے 20 دن بعد، دوسرا پانی پہلے پانی کے تقریباً 20 دن بعد، تیسرا پانی پھول نکلتے وقت، چوتھا پانی بیج بننے کے عمل کے دوران اور آخری پانی بیجوں کی دودھیا حالت یا بیجوں کی بڑھوتری کے دوران لگانا چاہیے۔

سورج مکھی کی فصل کو اس کی کل ضرورت کا 20 سے 25 فیصد پانی فصل اُگنے سے لے کر ایک ماہ کے دوران لگانا چاہیے۔ فصل کو سوکا لگ جائے تو بیج کی پیداوار میں 40 فیصد سے زیادہ کمی ہوجاتی ہے اس کمی کی وجہ یہ ہے کہ ایک طرف تو عمل زیرگی متاثر ہوتا ہے جس سے پھول کے مرکز میں بیج نہیں بنتے اورجو بیج بنتے ہیں ان کی جسامت بہت چھوٹی ہوتی ہے اور وہ بیج اندر سے خالی ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

اپر یل میں موسم گرم ہو جائے تو فصل کو پانی دینے کا دورانیہ کم مگر پانی زیادہ مرتبہ لگانا چاہیے۔ شدید موسم میں آبپاشی کی ضرورت بڑھ جاتی ہے۔ بروقت آبپاشی کرنے سے بیج صحت مند اور زیادہ بنتا ہے جس سے پیداوارمیں اضافہ ہوتا ہے۔ اگر زیادہ گرمی ہو تو بہاریہ سورج مکھی کو پھول نکلتے وقت پانی کا وقفہ کم کر دیناچاہیے ورنہ عمل زیرگی متاثرہونے کی وجہ سے پھول کا کچھ حصہ بیج بننے سے محروم رہ جاتا ہے۔