کرپشن اور لوٹ مار کی عادت عابد شیر کو ورثے میں ملی ہے،سینیٹر عاجز دھامراہ

عابد شیر جیسے بندر چاہے جتنی بھی اچھل کود کریں نواز شریف کو جیل جانے سے نہیں روک سکتے،رہنما پاکستان پیپلز پارٹی

ہفتہ 24 مارچ 2018 23:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مارچ2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماسینیٹر عاجز دھامراہ نے عابد شیر علی کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرپشن اور لوٹ مار کی عادت عابد شیر کو ورثے میں ملی ہے۔ عابد شیر نے وزرات کو کرپشن کا گڑھ بنادیا ہے جہاں بجلی کے ٹرانسفارمر بکتے ہیں۔ تبادلے کے نرخ طے کیئے گئے ہیں۔

سینیٹر عاجز دھامراہ نے کہا عابد شیر جیسے بندر چاہے جتنی بھی اچھل کود کریں نواز شریف کو جیل جانے سے نہیں روک سکتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عابد شیر نواز شریف کے بھانجے نہ ہوتے تو انہیں چپڑاسی کی نوکری بھی نہ ملتی۔ دریں اثنا۔پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے سکریٹری اطلاعات شوکت محمود بسرا نے عابد شیر علی کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عابد شیر جیسے شیر شاہ کے شکرے نزع کے عالم میں انہیں اپنے ماموں کے مستقبل کا فکر کرنا چاہیے۔

شوکت بسرا نے کہا کہ فیصل آباد کے لوگ شیر علی کے کرتوت جانتے ہیں اس لیئے وہ شیر علی کو قبضہ مافیا کہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ گاڈ فادر اور سسلین مافیا شریف خاندان کی شناخت بن چکی ہے۔ اگر جاتی امرا میں لگائے درختوں کے حوالے سے تحقیقات ہوئی تو وہاں اگائے ہوئے درخت بھی کرپشن کے راز فاش کرینگے۔