چیف جسٹس کی گاڑی کو روکنے والی خاتون دوران سماعت آبدیدہ ہو گئیں

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان اتوار 25 مارچ 2018 18:10

چیف جسٹس کی گاڑی کو روکنے والی خاتون دوران سماعت آبدیدہ ہو گئیں
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔25مارچ 2018ء)گزشتہ روز ایک خاتون نے چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار کی گاڑی روک لی تھی۔ جس پر چیف جسٹس نے گاڑی سے باہر نکل کر خاتون کی با ت سُنی۔ چیف جسٹس کے ہمراہ جسٹس اعجازالاحسن بھی گاڑی سے باہر نکل آئے تھے۔ خاتون گوجرانوالہ پولیس کے ہاتھوں اپنے بیٹے کی ہلاکت پر احتجاج کر رہی تھی ۔خاتون کی بات سن کر چیف جسٹس نے خاتو ن کو 11بجے اپنے دفتر بلایا تھا۔

(جاری ہے)

آج گوجرانوالہ کی صغریٰ بی بی نامی خاتون کے اس کیس کی سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس کی سر براہی میں دو رکنی بنچ نے سماعت کی۔ کیس کی سماعت کے دوران اپنے ساتھ پیش آنے والے واقع کی تفصیلات بتاتے ہوئے صغری بی بی نامی خاتون آبدیدہ ہوگئیں۔ اور الزام عائد کیا کہ میرے گھر پر قبضہ کرانے کے لیے پولیس نے میرے اٹھارہ سال کے بیٹے کو مار دیا۔اور میرے بیٹے پر میرے سامنے تشدد کیا گیا ۔جب کہ پولیس والوں نے انہیں بیگم کوٹ تھانے میں رکھ کر بداخلاقی کا بھی نشانہ بنایا۔ دوران سماعت چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے مبینہ مقابلے میں 18 سالہ نوجوان کی ہلاکت پر تمام پولیس افسروں کو طلب کر لیا ہے جب کہ خاتون کو تحفظ فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔