پی ایس ایل فائنل: پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کیلئے ہدف دے دیا

اتوار 25 مارچ 2018 21:35

پی ایس ایل فائنل: پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کیلئے ہدف ..
کراچی(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25مارچ2018ئ) پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے فائنل میں دفاعی چیمپئن پشاور زلمی نے سابق چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کیلئے 149رنز کا ہدف دیدیا ہے ۔نیشنل سٹیڈیم ،کراچی میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔پشاور زلمی کی جانب سے اننگز کا آغاز ٹورنامنٹ کے سب سے زیاد ہ سکور کرنے والے کامران اکمل اور آندرے فلیچر نے کیا تاہم کامران اکمل 9 گیندوں پر صرف ایک رن بناکر سمت پٹیل کا شکار بن گئے۔

26 کے مجموعی سکور پر پشاور کو دوسرا نقصان محمد حفیظ کی صورت میں اٹھانا پڑا جب وہ سمت پٹیل کو آسان کیچ دے بیٹھے، انہوں نے 6 گیندوں پر 8 رنز بنائے۔پشاور کو تیسرا نقصان آندرے فلیچر کی صورت میں اٹھانا پڑا جو 21 رنز بناکر شاداب خان کی گگلی کا شکار بن گئے۔

(جاری ہے)

بیٹنگ آرڈر میں ترقی پانے والے کرس جورڈن نے اچھا کھیل دکھاتے ہوئے 36رنز سکورکیے جس کے بعد وہ حسین طلعت کی گیند پر ڈومنی کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوئے ۔

سعد نسیم صرف 2رنز بنا کر حسین طلعت کی گیند پر انہی کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوئے ۔شاداب خان نے پشاور کے کپتان سیمی اور عمید آصف کو مسلسل دو گیندوں پر آﺅٹ کیا جس کے بعد محمد سمیع نے 33رنز بنانے والے لیام ڈاسن کو کلین بولڈ کردیا ۔فہیم اشرف نے 6رنز بنانے والے حسن علی کو کلین بولڈ کردیا ،وہاب ریاض نے آخری اوورز میں شادار بیٹنگ کرتے ہوئے پشاور کا سکور 148رنز تک پہنچایا۔

اس سے قبل پشاور زلمی کے قائد ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وکٹ بیٹنگ کےلئے سازگار ہے ، لاہور میں آخری میچ کھیلنے والی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان جے پی ڈومنی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ وکٹ بیٹنگ کےلئے اچھی دکھ رہی ہے لیکن پہلے باﺅلنگ کر رہے ہیں۔ڈومنی کا کہنا تھا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور ایلکس ہیلز کی جگہ چیڈوک والٹن کو شامل کیا گیا ہے۔