ضلع کونسل سیالکوٹ کے زیراہتمام تحفظ ماحولیات فیسٹیول آج منعقد ہو گا

اتوار 25 مارچ 2018 23:10

سیالکوٹ۔25 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2018ء)ضلع کونسل سیالکوٹ کے زیراہتمام تحفظ ماحولیات فیسٹیول آج منعقد ہو گا ۔ چیئرمین ضلع کونسل سیالکوٹ حناء ارشد وڑائچ نے رکن صوبائی اسمبلی ارشد جاوید وڑائچ کے ہمراہ اس سلسلہ میں کئے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ وائس چئیرمین ضلع کونسل چوہدری رضا سبحانی، ملک ضیافت علی اعوان اور جمیل اشرف بریار اور ضلع کونسل حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

چیئرپرسن نے بتایا کہ اس آرٹ فیسٹیول میںضلع سیالکوٹ بھر کے تمام سرکاری و نجی سکولوں، کالجوں اور یو نیورسٹیوں کے طلبا و طالبات ان آرٹ مقابلوں اپنی پینٹنگز کے ذریعے بھرپور شرکت کریںگے۔ اس آرٹ فیسٹیول میں وزیر خارجہ پاکستان خواجہ محمد آصف، صوبائی وزیر ماحولیات پنجاب ذکیہ شاہنواز، صوبائی وزیر بلدیات پنجاب منشاء اللہ بٹ، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی ، چوہدری ارشد جاوید وڑائچ ،ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ڈاکٹر فرخ نوید ، مئیر سیالکوٹ چوہدری توحید اختر اور تعلیمی اداروں کے سربراہان خصوصی شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

جیوری ججز پینل کی سربراہی وائس چانسلر گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ ڈاکٹر فرحت سلیمی کریں گی۔چیئرپرسن حناء ارشد وڑائچ نے کہا کہ اس آرٹ فیسٹیول کے انعقاد کا مقصد لوگوں میں ماحول کو آلودگی سے پاک رکھنے بارے میں شعور کی آگاہی دینا ہے۔انہوںنے کہا کہ بڑھتی ہوئی آلودگی انسانی صحت پر مضر اثرات مرتب کر رہی ہے۔ اس کے سد باب کے لئے ہمیں اب اجتماعی طور پر مل کر اور بڑھ چڑھ کر کام کرنا ہوگا۔

معاشرے کے ہر فرد کو اپنا فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔ ایم پی اے ارشد جاوید وڑائچ نے کہا کہ حول کا تحفط ہم سب کا قومی فریضہ ہے۔ ضلع کونسل کے حکام محمد فاروق اور عبدالمجید نے بتایا کہ یہ مقابلہ جیتنے والی ٹیم کے لئے پہلا انعام ایک لاکھ روپے، دوسرا انعام پچاس ہزار روپے اور تیسرا انعام پچیس ہزار روپے نقد ہوگا۔وائس چیئرمین ضلع کونسل چوہدری رضا سبحانی نے کہا کہ اس میگا ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے ضلع کونسل نے تمام انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔

وائس چیئرمین ملک ضیافت علی اعوان نے کہا کہ ضلع کونسل سیالکوٹ کے زیر اہتمام26 مارچ2018کو منعقد ہونے والے اس اینوائرمنٹ آرٹ فیسٹیول میں طلبا و طالبات اپنے اپنے آرٹ فن پاروں کے ذریعے عوام میں ماحولیاتی آلودگی کے خلاف شعور پیدا کریں گے۔