شہباز پور پل کی تعمیر کیلئے حکومت نے 4ارب روپے کے فنڈز جاری کر دیئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر

اتوار 25 مارچ 2018 23:10

لالہ موسیٰ۔25 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2018ء) ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاوا نے کہا ہے کہ شہباز پور پل کی تعمیر کیلئے حکومت نے 4ارب روپے کے فنڈز جاری کر دیے ہیں، پل اور دونوں جانب روڈ کی تعمیر کیساتھ دریا کو بند کرکے اسکا رخ موڑنے کا عمل کامیابی سے جاری ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوامی نمائندوں، سرکاری افسران سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، مشیر وزیر اعلی پنجاب نوابزادہ طاہر الملک، ایم این اے چوہدری عابد رضا، ایم پی ایز میجر (ر) معین نواز، نوابزادہ حیدر مہدی، چوہدری اشرف دیونہ، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عابد محمود غوری، مسلم لیگ ن کے راہنما چوہدری صفد ر ممتاز سندھو بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاوا نے بتایا کہ شہباز پور پل کا کل تخمینہ لاگت پونے 5ارب روپے ہے اور یہ جناح انٹر چینج کے بعد گوجرانوالہ ڈویژن کا سب سے بڑا منصوبہ ہے جو گجرات اور سیالکوٹ کے اضلاع کے درمیان فاصلہ مزید کم کر دے گا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ ابتک پل کی تمام 46پائلوں کی تنصیب کے بعد گارڈرز اور ڈیسک سلاٹ رکھ دیے گئے ہیں پل کے ایک جانب فٹ پاتھ بھی تکمیل پذیر ہے۔

انہوںنے کہا کہ منصوبہ پر کام کرنیوالے انجینئرز نے نہایت مہارت کیساتھ دریا کو بند کر کے اسکا رخ نئے پل کی جانب موڑ دیا ہے اور اس وقت پیئر نمبر 3اور چار سے پانی کا بہائو شروع ہو چکا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ جلالپور جٹاں سے دریائے چناب تک سڑک کی تعمیر تیزی سے جار ی ہے جبکہ دریائے چناب سے سیالکوٹ کی جانب روڈ کا ارتھ ورک مکمل کیا جاچکا ہے، منصوبے کیلئے جاری فنڈز میں سے ابتک 3ارب روپے خرچ کئے جاچکے ہیں فزیکل اور فنانشل پراگریس قابل اطمینان ہے ۔

انہوںنے ہدایت کی کہ روڈز ڈیپارٹمنٹ اور کنٹریکٹر کمپنی میگا پراجیکٹ کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کیلئے طے شدہ اہداف کے مطابق کام جاری رکھیں۔ ارکان اسمبلی مشیر وزیر اعلی پنجاب نوابزادہ طاہر الملک، ایم این اے چوہدری عابد رضا، ایم پی ایز میجر (ر) معین نواز، نوابزادہ حیدر مہدی، چوہدری اشرف دیونہ نے شہباز پور پل منصوبے کو گجرات کے عوام کیلئے وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کیطرف سے تحفہ قرار دیا اور کہا کہ شفافیت اور تیزی سے میگا پراجیکٹس کی تکمیل موجودہ حکومت کا طرہ امتیاز ہے۔