پشاورزلمی کو شکست ،اسلام آباد یونائیٹڈکی ٹیم دوسری دفعہ چیمپیئن بن گئی

پشاورزلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 148 رنز بنائے یونائیٹڈ نے 16.5 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا

اتوار 25 مارچ 2018 23:41

پشاورزلمی کو شکست ،اسلام آباد یونائیٹڈکی ٹیم دوسری دفعہ چیمپیئن بن ..
کراچی(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25مارچ2018ئ) پی ایس ایل کے فائنل میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر دوسری بار پی ایس ایل ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔گذشتہ روز نیشنل سٹیڈیم کراچی میں دفاعی چیمپئن پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 148 رنز بنائے۔

پشاور کی جانب سے کامران اکمل اور ڈیرن سیمی سمیت کوئی کھلاڑی نمایاں کارکردگی نہ دکھا سکا، کرس جارڈن 36 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ آخری وکٹ پر وہاب ریاض نے 14 گیندوں پر 28 رنز بناکر ٹیم کا اسکور 148 تک پہنچایا۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شاداب خان نے تین جبکہ سمت پٹیل اور حسین طلعت نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

(جاری ہے)

پشاور کی جانب سے دیے گئے 149 رنز کے تعاقب میں اسلام آبادیونائیٹڈ نے بہترین آغاز کیا۔

لیوک رونکی اور صاحبزادہ فرحان نے اسلام آبادکی جانب سے اننگز کاآغاز کیا۔اسلام آبادکو پہلا نقصان 96 کے مجموعی اسکور پر اٹھانا پڑا جب جارح مزاج بیٹسمین لیوک رونکی 52 رنز بناکر کرس جارڈن کا شکار ہوگئے۔97 کے مجموعی اسکور پر اسلام آبادکی دوسری وکٹ بھی گر گئی اور اس بار چیڈوک والٹن بغیر کوئی رن بنائے عمید آصف کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

102 کے مجموعی اسکور پر اسلام آبادکے کپتان جے پی ڈومینی بھی 2 رنز بناکر کرس جارڈن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔اوپنر آنے والے صاحبزادہ فرحان 44 رنز بناکر وہاب ریاض کا شکار بنے۔اسلام آبادکی پانچویں وکٹ 115 رنز کے مجموعی اسکور پر گری جب سمت پٹیل 10 رنز بناکر حسن علی کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوگئے۔اس کے بعد آل راؤنڈر شاداب خان بھی صرف ایک رن بناکر حسن علی کا شکار بن گئے۔ ساتویں وکٹ 148 کے مجوعی اسکور پرگری جب حسین طلعت وہاب ریاض کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔اس کے بعد آصف علی اور فہیم اشرف نے مزید کوئی نقصان نہیں ہونے دیا اور ٹیم کو ٹائٹل دلوادیایونائیٹڈ نے 16.5 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔