امریکا کا پاکستان پر ایک اور اوچھا وار

امریکا نے 7 پاکستانی کمپنیوں پر پابندی عائد کردی

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس پیر 26 مارچ 2018 23:10

امریکا کا پاکستان پر ایک اور اوچھا وار
واشنگٹن(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار- 26مارچ2018ء ):امریکا کا پاکستان پر ایک اور اوچھا وار،امریکا نے 7 پاکستانی کمپنیوں پر پابندی عائد کردی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کی 7 کمپنیاں امریکی مفادات کے منافی فہرست میں شامل کرلی گئیں۔امریکی بیورو آف انڈسٹری اور سیکیورٹی کی جانب سے تیار کی گئی اس فہرست میں ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے ان کمپنیوں کو امریکی قومی سلامتی اور پالیسی مفادات کے لیے خطرہ قرار دیا گیا ہے۔

پاکستانی کمپنیوں پر جوہری تجارت میں ملوث ہونے کا الزام لگایا گیا ہے۔ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ اس فہرست سے پاکستان کی نیوکلیئر سپلائرز گروپ (این ایس جی) میں شمولیت کی کوششوں کو دھچکا لگے گا۔پاکستان نے 19 مئی 2016 کو این ایس جی کی رکنیت کے لیے درخواست دی تھی تاہم امریکا اور دیگر مغربی ممالک بھارت کو این ایس جی کا رکن بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ امریکا نے رواں ہفتے مجموعی طور پر 23 کمپنیوں کو اس فہرست میں شامل کیا ہے ،ْیہ فہرست امریکی فیڈرل رجسٹر میں شائع ہوئی، جو گزٹ آف پاکستان کے مترادف ہے۔ اس فہرست میں پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ ساتھ جنوبی سوڈان کی 15 اور ایک سنگاپور کی کمپنی بھی شامل ہے۔جن کمپنیوں کو اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے، انہیں برآمد کنندگان کے سخت اقدامات کا سامنا کرنا پڑے گا، جس کی وجہ سے ان کی غیر ملکی تجارت پر اثر پڑے گا۔ یاد رہے کہ ایک عرصے سے پاکستان اور امریکا کے تعلقات سرد مہری کا شکار ہیں اور دونوں جانب سے بیان بازی کا سلسلہ بھی چلتا رہتا ہے۔