مقبوضہ کشمیر کے متعدد اضلا ع میں بھارتی فورسز کی کارروائیاں ،کئی کشمیری نوجوان زخمی

منگل 27 مارچ 2018 20:04

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2018ء) مقبوضہ کشمیرکے بارہمولہ اور پلوامہ کے اضلاع میںبھارتی فوجیوں کی طر ف سے تلاشی اور محاصرے کی کارروائیوںکے دوران جھڑپوں میں متعدد نوجوان زخمی ہوگئے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ضلع بارہمولہ کے سوپور قصبے کے گائوں بریتھ میں بھارتی فوج،اسپیشل آپریشنز گروپ اور سینٹرل ریزروپولیس فورس کی طرف سے تلاشی اور محاصرے کی مشترکہ کارروائی کے خلاف علاقے میں زبردست مظاہرے کئے گئے اور اس موقع پر مظاہرین اور بھارتی فورسز کے اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔

اس دوران بھارتی فورسز نے خورشید احمد میر اور معراج احمد سمیت دو مقامی نوجوانوں کو حراست میں لے لیا۔ دو نوںنوجوانوں کی گرفتاری کے خلاف بڑی تعداد میں لوگوںنے سڑکوں پر نکل کر بھارتی فورسز پر پتھرائو کیا جنہیں منتشر کرنے کیلئے بھارتی فورسز نے آنسو گیس اور پیلٹ گن سمیت طاقت کا وحشیانہ استعمال کیاجس سے متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

(جاری ہے)

زخمی نوجوانوں کو ہسپتال منتقل کردیاگیا۔

ادھر ضلع پلوامہ کے گائوں ٹہاب کے رہائشیوں نے گزشتہ شب بھارتی فوجیوں کی طرف سے مقامی افراد پر ظلم و تشدد اورانکی املاک کو نظر آتش کرنے کے خلاف مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے پلوامہ ٹائون کی طرف جانیوالی سڑک بند کر دی ۔ ان کاکہنا تھا فوجیوںنے گھروں میں گھس کر لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جس سے متعدد افراد زخمی ہو گئے ہیں ۔ بھارتی فورسز نے ضلع راجوری کے علاقے سندر بانی میں کنٹرول لائن کے قریبی متعدد دیہات میں بھی تلاشی اور محاصرے کی بڑی کارروائی شروع کی ہے ۔

پولیس نے ضلع بانڈی پورہ کے علاقے حاجن میں تلاشی اور محاصر ے کی کارروائی کے دوران عرفان احمد بٹ نامی ایک نوجوان کو گرفتار کرلیا ہے ۔دریں اثناء ضعل شوپیاں کے علاقے کچھ ڈورہ میں بعض نامعلوم مسلح افراد نے ایک فوجی گاڑی پر حملہ کیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

متعلقہ عنوان :