صوبائی محتسب میں شکایات موصول ہونے کے بعد فوری طور پر کاروائی شروع کردی جاتی ہے، عبدالغنی خلجی

سائلین کے مسائل کے حل کے لیے تمام ممکن اقدامات اٹھائے جاتے ہیں،صوبائی محتسب اعلیٰ بلوچستان

منگل 27 مارچ 2018 22:09

سبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2018ء) صوبائی محتسب اعلیٰ بلوچستان عبدالغنی خلجی نے کہا ہے کہ صوبائی محتسب بلوچستان کا ادارہ صوبے میں مفت انصاف کی فراہمی کے لیے فعال کردار ادا کررہا ہے ،تمام صوبائی محکمے عوامی شکایات کے سلسلے میں قانون کے مطابق صوبائی محتسب کے ادارئے سے تعاون کے پابند ہیں ،صوبائی محتسب میں شکایات موصول ہونے کے بعد فوری طور پر کاروائی شروع کردی جاتی ہے،سائلین کے مسائل کے حل کے لیے تمام ممکن اقدامات اٹھائے جاتے ہیں تاکہ دوردراز علاقوں کے عوام تک مفت انصاف فراہم ہوسکے ان خیالات کا اظہار انہوں نے سبی میں منعقدہ کھلی کچہری سے خطاب میں کیا ،اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سبی محمد ذاکر ناصر،ڈویژنل ڈائریکٹر محتسب سید منور شاہ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عباس ملک و دیگر بھی موجود تھے انہوں نے کہا کہ اضلاع کی سطح پر کھلی کچہریاں منعقد کرنے کا بنیادی مقصد عوام کو سرکاری اداروں سے شکایات کا فوری ازالہ اور صوبائی محتسب کے ادارے کے بارئے میں آگاہی پیدا کرنا ہے اس کے علاوہ صوبہ میں صوبائی محتسب کے 07ریجنل دفاتر بھی قائم کیئے گئے ہیں تاکہ دوردراز اور پسماندہ علاقوں کے لوگوں کو صوبائی محکموں کے خلاف شکایات درج کرانے میں کوئی دشوار ی پیش نہ ہوسکے انہوں نے کہا کہ عوام تک سروسز پہنچانا اور ان کو ریلیف دینا صوبائی محکموں کے افسران کی ذمہ داری بنتی ہے جس میں کسی قسم کی کوئی سست روی اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ،دریں اثناء صوبائی محتسب اعلیٰ بلوچستان عبدالغنی خلجی نے ضلعی آفیسران کے ساتھ منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے خطاب میں کہا کہ عوامی خدمت سرکاری آفیسران کی اولین فرائض میں شامل ہیں اگر تمام آفیسران اپنا ہر کام بروقت ایمانداری کے ساتھ کریں تو عوامی شکایات کی ضرورت نہیں پڑتی ہے انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی کیونکہ یہ عوام کے بنیادی حقوق میں شامل ہے کھلی کچہری کے درمیان موصول ہونے والی شکایات پر صوبائی محتسب نے تمام متعلقہ سرکاری آفیسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام سائلین کے مسائل جلد از جلد حل کرکے تحریری طور آگاہ کریں ،صوبائی محتسب نے سرکاری آفیسران سے مخاطب ہوکر کہا کہ عوامی شکایات کے سلسلے میں سرکاری اداروں سے بروقت جوابات موصول نہیں ہوتے ہیں جس کی وجہ سے شکایات کی داد رسی التواء کا شکار ہوجاتی ہے انہوں نے کہا کہ آئندہ جوابات کی تاخیر پر سخت قانونی کاروائی کی جائے گی،ڈویژنل ہیڈکوارٹر ہسپتال سبی میں پانی کی قلت سے متعلق ایکسئین پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سبی اور ایم ایس ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سبی کو صوبائی سیکرٹریٹ کوئٹہ میں پیش ہونے کا حکم دیا محکمہ صحت کو سبی شہر میں جلد ازجلد ملیریا اسپرئے کرانے ،میونسپل کمیٹی کو صفائی پر خصوصی توجہ دینے کابھی حکم دیا ۔

متعلقہ عنوان :