کسانوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے صوبائی حکومت ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہی ہے،سیکرٹری زراعت

منگل 27 مارچ 2018 22:53

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2018ء) جوہری توانائی کمیشن آف پاکستان کے ذیلی شعبہ قومی ادارہ برائے خوراک وزراعت (نیفا)پشاور میں کاشتکاران سے خطاب کرتے ہوئے محمد اسرار خان صوبائی سیکریٹری زراعت نے کہا کہ زرعی شعبے کی تیز رفتار ترقی کیلئے صوبائی حکومت اپنے محدود وسائل میں 9 ارب روپے کی لاگت سے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہی ہے ۔

ان میں سے قابل ذکر 4ارب روپے کی خطیر لاگت کا گومل ڈیم پراجیکٹ ہے۔ جس کے تحت ڈیرہ اسماعیل خان میں 2لاکھ ایکڑ بارانی زرعی رقبے کو جدید نہری نظام اور واٹر کورسز کی تعمیر کے ذریعے زیر آبپا ش لایا جا رہا ہے۔جس سے نہ صرف زرعی خود کفالت حاصل ہوگی بلکہ کسان کے زرعی برآمدات میں اضافہ ہوگا اس کے علاوہ دیہی خواتین کی کچن گارڈننگ اور مصنوعات کی تیا ری میں خصوصی تربیت اور سیڈ سرٹیفیکیشن جیسے ترقیاتی منصوبے جاری و ساری ہیں ۔

(جاری ہے)

ان ترقیاتی منصوبوں سے کسان کو معاشی استحکا م حاصل ہوجائے گا۔ صوبائی سیکریٹر ی زراعت کو بطور مہمان خصوصی قومی ادارہ برائے خوراک و زراعت کے قیام اور اسکی افادیت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ محمد اسرار خان نے ادارے کی خدمات اور مختلف فصلوں کے بیج کی دریافت پر ان کی کامیابیوں کو سراہا۔یوم کاشتکاران میں کسانوں اور زرعی سائنسدانوں کوصوبائی سیکریٹر ی زراعت نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کی خوراک کی ضروریا ت کو پورا کرنے کے لئے قدرتی وسائل خصوصاً زمین اور پانی کے صحیح استعمال پر خصوصی توجہ دی جائے اور جدید زرعی ٹیکنالوجی کے ذریعے فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کے لئے بھر پور کوشس کریں۔

زرعی زمین پر رہائشی کالونی کی روک تھام کے لئے مجوزہ قانون سازی سے شرکا ء کو آگاہ کیا گیا۔ سیکریٹری زراعت نے کسانوںکو درپیش مسائل جن میں گنے کی خرید و فروخت ، آبی قلت ، جعلی زرعی زہر اور کھا د کی روک تھام وغیرہ شامل ہیں کے لئے فوری اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرا ئی۔ یوم کاشتکاران میں کسان نمائندگان ظاہر خان، فضل علی خان اور عمائدین علاقہ نے بھرپور شرکت کی اور سیکریٹری زراعت کی مسائل کے حل کے لئے عملی اقدامات اور خصوصی دلچسپی کو سراہا۔