کسانوں و کاشتکاروں کے مفادات کا تحفظ اولین ترجیح ہے، ڈپٹی کمشنر

منگل 27 مارچ 2018 23:20

پاکپتن۔27 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2018ء)زراعت ملکی معشیت میں ریڑھ کی ہڈی کی حثیت رکھتی ہے ، زرعی ٹیکنالوجی سے مستفید ہوئے بغیر زرعی خود کفالت کی منزل کاحصول ممکن نہیں ، محکمہ زراعت کے افسران جدید تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے کسانوں ، کاشتکاروں کو آگاہی دیں اور انہیں منافع بخش زراعت کی فصلوں کے بارے میں مفیدمعلومات بہم پہنچا ئیں ،محکمہ زراعت کے حکام ناقص بیج ، جعلی و غیر معیاری ادویات ، کھادیں اور سپرے فر و خت کرنیوالے ڈیلر و زرعی ادویات کاکاروبار کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈائون اور ان کیخلاف مقدمات بھی درج کر ائیں ،ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر راجہ منصور احمد نے ضلعی مشاورتی کمیٹی زراعت سے متعلق بلائے گئے اجلاس کی صدارت کرتے ہو ئے کیا ، اجلاس میں اے ڈی سی آر عارف عمر عزیز ، ڈی او انفارمیشن سید سلمان حسین ، ڈی ڈی زراعت توسیع عقیل احمد ، ایس ڈی او واپڈا خالد پرویز ،پولیس حکام ، پنجاب کسان اتحاد کے صدر رضوان اقبال سمیت دیگر کسان اتحاد کے نمائندوں اورمتعلقہ اداروں کے حکام بھی مو جو د تھے ، ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کسانوں ، کاشتکاروں کے مفادات کا تحفظ اولین ترجیح ہے ،تمام اداروں کے افسران حکومتی پالیسی کے تحت کسانوں ، کاشتکاروں کو سہولیات مہیا اور انہیں جدید طریقہ کاشت کاری سے متعلق رہنمائی دیں ، ڈپٹی کمشنر نے واپڈا حکام کو ہدایات جاری کیں کہ حکومت کی پالیسی اور قوانین کی روشنی میں زرعی ٹیوب ویل کے بجلی کے بلوں کے مسائل بھی ترجیح بنیادوںپر حل کئے جائیں۔