کپاس کی بہتر پیداوار اور آئندہ لائحہ عمل کیلئے مشاورتی اجلاس

منگل 27 مارچ 2018 23:21

ملتان ۔27مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2018ء) کپاس کی بہتر پیداوار اور آئندہ لائحہ عمل کیلئے زراعت ہائوس میں مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت محمد محمود سیکرٹری زراعت پنجاب نے کی۔ اجلاس میں ڈاکٹر غضنفر علی ایڈیشنل سیکرٹری (پلاننگ)، سلوت سعید اسپیشل سیکرٹری مارکیٹنگ، ڈاکٹر عابد محمود ڈائریکٹر جنرل زراعت (ریسرچ)، سید ظفریاب حیدر ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع) اور ڈاکٹر محمد صغیر ڈائریکٹر کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان سمیت دیگر زرعی ماہرین نے شرکت کی۔

اجلاس میں زرعی ماہرین نے کاٹن پلان پر سیکرٹری زراعت پنجاب کو بریفینگ دی۔ اس موقع پرمحمد محمود سیکرٹری زراعت پنجاب نے شعبہ زراعت (توسیع) کے تمام ڈائریکٹرز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے علاقوں میںکپاس کے نامنظور اور غیر قانونی بیج کی فروخت کی روک تھام یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس سیزن میں کپاس کے نامنظور شدہ بیج کی فروخت بالکل برداشت نہیں کی جائے گی۔

ایسے بیج کی فروخت سے کاشتکاروں کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچتا ہے لہٰذا اگر کسی علاقے میں ایسا بیج مارکیٹ میں پایا گیا تو متعلقہ ڈائریکٹر کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ سیکرٹری زراعت نے مزید کہا کہ کپاس کسان کا سیونگ اکاونٹ ہے اور ہمارے ملک کا مستقبل کپاس کی اچھی پیداوار سے وابستہ ہے اس ضمن میں پچھلے سال پنجاب میںکپاس کی 2 لاکھ بیلز میں اضافہ ہوا ہے۔

امسال 60 لاکھ ایکڑ پر کپاس کا پیداواری ہدف مقرر کیا گیا ہے اور اس ہدف کو ہر قیمت پر مکمل کیا جائے گا۔ سیکرٹری زراعت پنجاب نے کاٹن کنٹرول ایکٹ کو فوری نافذالعمل کرنے کے احکامات بھی صادر کئے۔ سیکرٹری زراعت نے کاٹن انسپکٹرز کے تربیتی پروگرام کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ تمام کاٹن انسپکٹرز کو کاٹن پلان کے مطابق اچھی تربیت دی جائے تاکہ یہ فیلڈ میں جاکر کپاس کے کاشتکاروں کو بہتر عملی سروس فراہم کر سکیں اور کاشتکاروں کو کپاس کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی کے متعلق آگاہی دے سکیں۔