کوئٹہ، ڈی جی نیب بلوچستان کل عوامی شکایات کی شنوائی کیلئے کھلی کچہری لگائیں گے

عوام الناس کرپشن سے متعلق معلومات اور شکایات مکمل شواہد کے ساتھ نیب کے ریجنل آفس میں ڈی جی نیب کے روبرو پیش کر سکتے ہیں

بدھ 28 مارچ 2018 18:34

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مارچ2018ء) چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کے احکامات کی بجاآوری میں ڈائریکٹر جنرل قومی احتساب بیورو بلوچستان محمد عرفان بیگ جمعرات29 مارچ کو عوامی شکایات کی شنوائی کے لئے کھلی کچہری لگائیں گے۔ عوام الناس سے کہا گیا ہے کہ وہ کرپشن سے متعلق معلومات اور شکایات مکمل شواہد کے ساتھ نیب کے ریجنل آفس میں ڈی جی نیب کے روبرو پیش کر سکتے ہیں۔

نیب کے قانون 1999کے دائرہ کار میں آنے والی تمام شکایات پر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لا جائے گی جبکہ انفرادی نوعیت کے معاملات متعلقہ محکموں کو ریفر کیے جائیں گے کرپشن کے عفریت پر عوامی تعاون سے قابو پانے اور شکایت کے فوری ازالے کیلئے چیرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے عوامی شکایات سننے کا فیصلہ کیا اور اس ضمن میں نیب کے تمام صوبائی سربراہان کو بھی ہدایت جاری کیں جس پر عملدرآمد کیلئے ڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان بروزجمعرات 29 مارچ 11بجے سے 1بجے تک کرپشن سے متعلق شکایات براہ راست خود سنیں گے۔

(جاری ہے)

عوام الناس کی راہنمائی کے لئے متعلع کیا جاتا ہے کہ ایسے جرائم جو نیب کے دائرہ کار میں آتے ہیں جیسے سرکاری خزانے کو فرد یا ادارے کی طرف سے نقصان پہنچایا گیا ہو، سرکاری اختیارات کا غلط استعمال کر کے مالی فوائد حاصل کئے گئے ہوں، عوام الناس سے دھوکہ دہی کی گئی ہو، بینکوں، مالیاتی اداروں اور حکومتی واجبات کی دانستہ عدم ادائیگی کا ارتکاب کیا گیا ہو یا عوامی عہدے داروں اور سرکاری ملازمین اپنے مالی وسائل سے آعلی زندگی گزاررہے ہوں اور ناجائز اثاثے بنائے ہوں، ایسی تمام شکایت پر فوری اقدامات اٹھائے جائیں گے ڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان محمد عرفان بیگ نے کرپشن کے مکمل خاتمے کیلئے عوامی تعاون ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کرپشن سے متعلق تمام شکایات پر فوری عملدرآمد کرتے ہوئے بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔