بلوچستان کے نام پر کل ایک بار پھر ٹیسٹ ٹیوب سیاسی جماعت پیدا کرنے کی کوشیش کی جارہی ہیں،

اس وقت پاکستان میں سنجرانی کم اور ’’میں ہوں محمد نواز شریف‘‘ کہنے والے لوگ ذیادہ ہیں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کی احتساب عدالت کے باہر صحافیوں سے گفتگو

بدھ 28 مارچ 2018 20:44

بلوچستان کے نام پر کل ایک بار پھر ٹیسٹ ٹیوب سیاسی جماعت پیدا کرنے کی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2018ء) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ بلوچستان کے نام پر آج ایک بار پھر ٹیسٹ ٹیوب سیاسی جماعت پیدا کرنے کی کوشیش کی جارہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو احتساب عدالت کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔طلال چوہدری نے کہا کہ میری معلومات کے مطابق وزیر اعظم اور چیف جسٹس کی ملاقات کا سینئر قیادت خصوصاً محمد نواز شریف کو علم نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ ایک دفعہ پھر بلوچستان کے نام پر ٹیسٹ ٹیوب سیاسی جماعت پیدا کرنے کی کوشیش کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان جسے استحکام اور حقیقی قیادت کی ضرورت ہے وہاں مصنوعی قیادت پیدا کر کے حقیقی قیادت کو غداری کے تمغے دیئے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بڑی مشکل سے ایسے حالات پیدا کئے گئے ہیں کہ وہاں پاکستان کا پرچم لہرائے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ ایسی سوچ کے لوگ ہیں جنہیں سنجرانی وارا کھاتے ہیں، ان لوگوں کو نواز شریف جیسی حقیقی قیادت چبھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت حالات اس قسم کے ہیں کہ پاکستان میں سنجرانی کم اور میں ہوں محمد نواز شریف کہنے والے لوگ ذیادہ ہیں ۔طلال چوہدری نے کہا کہ سنجرانی جیسی جتنی ٹیسٹ ٹیوب سیاسی جماعتیں ہیں ان کا 2018ء کے انتخابات میں حشر آپ کے سامنے ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ جس پارٹی کے مائی باپ کا بھی پتہ نہ ہو اس کی پاکستان میں کیا حثیت ہو گی۔ طلال چوہدری نے کہا کہ جو یہ سوچ رہا ہے کہ الیکشن میں تاخیر ہو گی یا نہیں ہوں گے وہ سیاست دانوں یا پاکستان مسلم لیگ (ن) کا نقصان نہیںکرے گا بلکہ وہ پاکستان کا نقصان کرے گا، پاکستان اس وقت نازک مرحلے سے گزر رہا ہے ۔