کاشتکار کپاس کی کاشت کیلئے صرف منظور شدہ اقسام کا بیج استعمال کریں، ترجمان محکمہ زراعت

بدھ 28 مارچ 2018 22:14

ملتان ۔28مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2018ء) محکمہ زراعت پنجاب ملتان کے ترجمان نے کہا ہے کہ کپاس کی منظور شدہ بی ٹی اقسام ایم این ایچ- 886، وی ایچ- 259، بی ایچ- 178، سی آئی ایم- 602، ایف ایچ لالہ زار، ایف ایچ- 142، آئی یو بی- 13، ایم این ایچ- 988، وی ایچ- 305، اے جی سی- 999 اور اے جی سی 777 ہیں جبکہ محکمہ زراعت پنجاب کی سفارش کردہ روایتی اقسام سی ایم- 554، نیاب- 777، سی آئی ایم- 608، سی آر ایس ایم- 38، ایس ایل ایچ- 317، بی ایچ- 167، نبجی- 115، ایف ایچ- 942، نیاب- 852، نیاب- 846، نیاب کرن، نیاب- 112، سائٹو 124، سی آئی ایم 620 اور نیاب 2008 ہیں۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ کاشتکار کپاس کی کاشت کیلئے صرف منظور شدہ اقسام کا بیج استعمال کریں۔ نامنظور شدہ اور غیر قانونی بیج کے استعمال سے کپاس کی پیداوار میں نمایاں کمی ہو جاتی ہے۔

(جاری ہے)

کاشتکار کپاس کی بی ٹی اقسام کی کاشت یکم اپریل تا 31 مئی تک مکمل کریں اس کے علاوہ کپاس کے مرکزی علاقہ جات میںروایتی اقسام کی کاشت یکم اپریل تا 31 مئی تک جبکہ ثانوی و دیگر علاقہ جات میں یکم اپریل سے 15 مئی تک کاشت مکمل کریں۔

کاشتکار بی ٹی اقسام کے ساتھ 10 فیصد رقبہ پر نان بی ٹی اقسام بھی کاشت کریں تاکہ حملہ آور سنڈیوں میں بی ٹی اقسام کے خلاف قوتِ مدافعت نہ پیدا ہو سکے۔ ترجمان نے یہ بھی کہا کہ کاشتکار کپاس کا بیج خریدتے وقت دکاندار سے اصل رسید ضرور طلب کریں اور اس بات کا مکمل اطمینان کرلیں کہ اصل رسید پر نمبر، کمپنی کا نام، کوالٹی، لاٹ نمبر، خریداری کی تاریخ، ڈیلر کا نام، ایڈریس اور رابطہ نمبر درج ہو۔ کاشتکار غیر قانونی بیج کی فروخت ہونے کی صورت میںاپنے قریبی فیڈرل سیڈ سرٹیفیکشن اینڈ رجسٹریشن ڈیپارٹمنٹ میں تعینات سیڈ انسپکٹر سے رابطہ کریں اور تمام ریکارڈ کے ساتھ جلد از جلد اپنی شکایت درج کروائیں تاکہ مناسب تحقیق کے بعد قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔