مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے نہتے کشمیریوں پر مظالم کو عالمی برادری دیدہ و دانستہ نظر انداز کر کے عالمی امن کو دائو پر لگانے کی بھارتی حکمرانوں کی سازشوں کو کامیاب بنانے کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے

امیر جماعت اسلامی ضلع میرپور بشیر شگو اور جنرل سیکرٹری ظہیر احمد بابر کی بات چیت

بدھ 28 مارچ 2018 23:00

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 مارچ2018ء) امیر جماعت اسلامی ضلع میرپور بشیر شگو اور جنرل سیکرٹری ظہیر احمد بابر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے نہتے کشمیریوں پر مظالم کو عالمی برادری دیدہ و دانستہ نظر انداز کر کے عالمی امن کو دائو پر لگانے کی بھارتی حکمرانوں کی سازشوں کو کامیاب بنانے کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔

جانوروں کے حقوق اور انسانی حقوق کے نام چیخ و پکار کا ڈرامہ رچانے والے ان ممالک، اقوام متحدہ اور سلامی کونسل کو مقبوضہ کشمیر اور کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی دہشت گردی کیوں نظر نہیں آرہی۔ کیا آزاد اور مقبوضہ کشمیر میں بسنے والے انسان نہیں یا ان کے کوئی انسانی حقوق نہیںً ملالہ کیلئے تڑپ اٹھنے اور آسمان سر پر اٹھانے والے برطانوی، امریکی حکمرانوں اور سیکرٹری جنرل یو این او کو گذشتہ 70 سالوں سے ہر روز کنٹرول لائن اور مقبوضہ کشمیر میں شہید اور زخمی ہونیوالے معصوم کشمیری، کشمیریوں کی آبادیوں کو آگ لگانے گھر گھر تلاشی جیسے غیر قانونی، تہذیب سے عاری اور جنگی قیدیوں کی طرح کشمیریوں کا محاصرہ کرکے قتل عام کرنے کشمیری حریت قائدین کو مسلسل قید و بند کی صوبتوں سے گزارنے کے عالمی جرائم کا ارتکاب کرنے والے بھارت اور اس کے حکمرانوں کے خلاف زبان تک ہلانے کی توفیق نہیں رہی۔

(جاری ہے)

اس کا صاف صاف مطلب دنیا کو یہ سمجھانا ہے کہ انصاف، آزادی اور انسانی حقوق کے حصول کیلئے بھی مذہبی تعصب عالمی اداروں میں سرایت کر چکا ہے۔ امیر جماعت اسلامی ضلع میرپور نے کہا کہ عالمی اداروں اور عالمی برادری کے مسلم اور غیر مسلم کے نام پر جاری متعصبانہ سلوک ان اداروں اور ان کے دوہرے معیار کے انسانی حقوق کے دعوئوں اور وعدوں کے کھوکھلے پن کو ثابت کر رہا ہے جماعت اسلامی اور مقبوضہ کشمیر میں حریت قیادت مسلمانوں کو کچلنے اور صفحہ ہستی سے مٹائے گئے یہود و ہنود کے ابلیسی ایجنڈے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیگی۔