مقبوضہ کشمیر کی صورتحال انتہائی تشویش ناک ہوچکی ہے ‘اقوم عالم مقبوضہ کشمیر کے آتش فشاں کو سرد کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں

‘دو بڑی ایٹمی طاقتوں کے درمیان بڑامسئلہ ہے جس سے جنوبی ایشیا کے امن کو شدید خطرات سے دوچار کر دیا ہے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چودھری محمد یٰسین کی دبئی ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو

جمعرات 29 مارچ 2018 21:06

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 مارچ2018ء) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چودھری محمد یٰسین نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال انتہائی تشویش ناک ہوچکی ہے اقوم عالم مقبوضہ کشمیر کے آتش فشاں کو سرد کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔دو بڑی ایٹمی طاقتوں کے درمیان یہ بڑامسئلہ ہے جس سے پورے جنوبی ایشیا کے امن کو شدید خطرات سے دوچار کر دیا ہے ۔

وہ آج یہاں دبئی ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ قابض بھارتی افواج نے ظلم و ستم اور بربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ حریت قیادت کو پابند سلاسل کر کے انٹرنیٹ سروس سمیت رابطے منقطع کر دیے ہیں ۔قابض بھارتی افواج نے لائن آف کنٹرول بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے جس سے بے گناہ کشمیری شہید اور زخمی ہو رہے ہیں اقوام عالم مسئلہ کشمیر کی اس سلگتی ہوئی چنگاری کو بجھانے میں اپنا کردار ادا کرے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قابض بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر میں تمام تر مظالم ڈھانے کے باوجود ناکامی کا بدلہ کنٹرول لائن پر بلا اشتعال فائرنگ کے ذریعے لے رہی ہے پاکستان کی حکومت فوری طور پر سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے کنٹرول لائن پر بلا اشتعال فائرنگ کے واقعات کو رکوائے۔ انہوں نے کہا کہ قابض بھارتی افواج نے برہان وانی کی شہادت کے بعد آٹھ لاکھ سے زائد افواج کے باوجود ہزاروں کی تعداد میں پیرا ملٹری فورسز مقبوضہ کشمیر میں تعینات کر دیئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر یوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ ے جا رہے ہیں اقوام عالم کشمیر کے مسئلہ کو سنجیدگی سے حل کروائے۔