نیب بلوچستان میں کھلی کچہری کا انعقاد، ڈی جی نیب بلوچستان نے شکایت کنندگان کی درخواستوں پر احکامات جاری کردئیے

متعدد غیر متعلقہ شکایات متعلقہ محکموں کو ریفر،کرپشن بارے تمام شکایات پر قانون کے مطابق عملدرآمد کیا جائے گا،مرزا محمد عرفان بیگ

جمعرات 29 مارچ 2018 21:37

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2018ء) چیئرمین نیب، جسٹس جاوید اقبال کے احکامات کی روشنی میں مرزا محمد عرفان بیگ ،ڈائیریکٹر جنرل نیب بلوچستان نے نیب کوئٹہ میں ایک کھلی کچہر ی کا اہتمام کیا جس میں بلوچستان کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے بڑی تعداد میں شکایت کنندگان ڈی جی نیب بلوچستان کے روبرو پیش ہوئے۔اس موقع پرڈائیریکٹر جنرل نیب نے شکایت کنندگان کوکرپشن کے تدارک کے حوالے سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے متعدد شکایات پر قانون کیمطابق ضروری احکامات جاری کردئے،ڈی جی نیب بلوچستان نے اس موقع پر درخواست گزاروں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ کرپشن کے تدارک کے حوالے سے تمام شکایات پر قانون کیمطابق عملدرآمد کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ چئیرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کے احکامات کی روشنی میں احتساب سب کیلئے یکساں پالیسی کیمطابق ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائینگے۔

(جاری ہے)

ڈی جی نیب بلوچستان مرزا محمد عرفان بیگ نے کرپشن کے خاتمہ کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قومی احتساب بیورو عوام کی کرپشن کے حوالے سے شکایات کے ازالہ کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں چھوڑیگا۔

واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو کے چئیرمین جناب جسٹس جاوید اقبال نے اپنی تعیناتی کے فوراً بعد یہ اعلان کیا کہ وہ ہر ماہ کی آخری جمعرات کو عوام کی بد عنوانی سے متعلق شکایات سنیں گے۔اسی ضمن میں انہوں نے تمام ریجنل نیب سربراہان کو بھی ہدایات جاری کیں کہ وہ ہر جمعرات کو عوام کی شکایات سننے کیلئے کھلی کچہر ی کا انعقاد کریں۔

متعلقہ عنوان :