ایکوا فٹبال کلب کوئٹہ نے یوفون بلوچستان فٹبال کپ ٹرافی اپنے نام کرلی

فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد نوشکال بلوچ فٹبال کلب نوشکی کو شکست دی

جمعرات 29 مارچ 2018 22:21

ایکوا فٹبال کلب کوئٹہ نے یوفون بلوچستان فٹبال کپ ٹرافی اپنے نام کرلی
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2018ء) ایکوا فٹبال کلب کوئٹہ نے یوفون بلوچستان فٹبال کپ کے فائنل میں نوشکال بلوچ فٹبال کلب نوشکی کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد2 کے مقابلے میں 1 گول سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کرلی۔ اس چیمپیئن شپ کا فائنل میچ ریلوے گراؤنڈ کوئٹہ میں کھیلا گیا جہاں بڑی تعداد میں لوگ، اہم شخصیات، صحافی اور یوفون کے حکام موجود تھے۔

اسپورٹس سیکریٹری بلوچستان منظور احمد اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی تھے جنہوں نے ٹرافی فاتح ٹیم کے حوالے کی۔ سیکریٹری اسپورٹس منظور احمد نے کہا، "یہ یوفون کا اہم اقدام ہے۔ اس طرح کی سرگرمیوں سے نہ صرف اچھی صحت کو فروغ ملتا ہے بلکہ نوجوانوں کے اندر اعتماد بھی بڑھتا ہے اور انہیں بہتر مواقع ملتے ہیں ۔

(جاری ہے)

" فائنل کے پہلے ہاف میں ایکوا فٹبال کلب کوئٹہ نے ابتدائی 10 منٹ میں دفاعی کھیل پیش کیا جبکہ نوشکال بلوچ فٹبال کلب کے کھلاڑی جارحانہ انداز کے ساتھ کھیلتے رہے۔

تاہم ابتدائی دفاع کے بعد ایکوا فٹبال کلب کوئٹہ نے بھی جارحانہ کھیل پیش کرنا شروع کردیا اور مخالف ٹیم پر تابڑ توڑ حملے کئے تاہم پہلے ہاف کے اختتام تک کوئی ٹیم گول اسکور نہ کرسکی ۔ نوشکال بلوچ فٹبال کلب کے عبدالمالک نے میچ کے دوسرے ہاف میں پہلا گول کرکے اپنی ٹیم کو سبقت دلادی، تاہم 15 منٹ بعد ایکوا فٹبال کلب کوئٹہ کے شیر حسان نے گول کرکے میچ 1-1اسکور سے برابر کردیا جس کے بعد ٹرافی کے حصول کی جنگ مزید تیز ہوگئی۔

میچ ختم ہونے سے چند منٹ قبل ایکوا فٹبال کلب کوئٹہ کے نصر اللہ نے پینلٹی پر گول اسکور کرکے اس چیمپیئن شپ کی دوڑ میں اپنی ٹیم کی فتح یقینی بنادی۔ اس سال یہ چیمپیئن شپ صوبے کے چھ شہروں کوئٹہ، پشین، خضدار، چمن، لورالائی اور نوشکی میں منعقد ہوئی جس میں ہر شہر کی پانچ ٹیموں یعنی 30 ٹیموں کے 450 نوجوان فٹبالرز نے حصہ لیا۔ یوفون اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ اس چیمپیئن شپ سے صوبے میں فٹ بال کو فروغ دینے میں مدد ملی ہے اور ابھرتے ہوئے نوجوان کھلاڑیوں کو سیکھنے اور اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لئے یہ ایک بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوا ہے۔ اس اقدام سے یوفون کا بلوچستان کے لوگوں کے ساتھ عزم ظاہر ہوتا ہے جس سے کمپنی کی ٹیگ لائن کا پیغام 'تم ہی تو ہو' عیاں ہوتا ہے۔

متعلقہ عنوان :