آزادانہ، منصفانہ اورشفاف انتخابات الیکشن کمیشن کی اولین ذمہ داری ہے،پیرمقبول احمد

شفاف انتخابات کرانے کیلئے درست قابل اعتباراورمستندانتخابی فہرستوں کی تیاری انتہائی اہم مرحلہ ہے،صوبائی الیکشن کمشنرکامیڈیاسے بات چیت

جمعہ 30 مارچ 2018 13:07

آزادانہ، منصفانہ اورشفاف انتخابات الیکشن کمیشن کی اولین ذمہ داری ..
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2018ء) صوبائی الیکشن کمشنرپیرمقبول احمدنے کہاہے کہ آزادانہ،منصفانہ اورشفاف انتخابات کرانے کیلئے درست قابل اعتباراورمستندانتخابی فہرستوں کی تیاری پہلااورانتہائی اہم مرحلہ ہے،انتخابی فہرستوںکی تیاری اورنظرثانی ،الیکشن ایکٹ اورقواعدمجریہ 2017ء میں دئیے گئے طریقہ کارکے مطابق کی جاتی ہے۔

انہوں نے ان خیالات کااظہارجمعہ کے روزمیڈیاکوبریفنگ دیتے ہوئے کیا۔انہوںنے کہاکہ آئندہ عام انتخابات کیلئے نئے شناختی کارڈ ہولڈرزکے ناموں کے اندراج کوانتخابی فہرستوں کویقینی بنانے اورایسے تمام ووٹرزجن کی نادراکے ریکارڈکے مطابق فوتگی درج ہے یاوہ پاکستان کی شہریت ترک کرچکے ہیں یاکسی وجہ سے اپناشناختی کارڈ منسوخ کرچکے ہیں اوروہ انتخابی فہرستوں میں درج تھے کوحذف کرنے کیلئے گھرگھرتصدیقی عمل اس سال جنوری میں شروع کیاگیااوران غیرحتمی انتخابی فہرستوں کوعوام کے معائنے کیلئے 26مارچ سے 24اپریل تک ڈسپلے سنٹرمیں رکھے گئے ہیں ،شہریوں کویہ موقع فراہم کیاگیاہے کہ وہ اپنے اوراپنی اہل خانہ کے انتخابی فہرستوں درج ووٹوں کی جانچ پڑتال کریں اوراگرضرورت محسوس ہوتواندراج،اخراج اوردرستگی کروائیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ اس مقصدکیلئے خیبرپختونخوا اورفاٹامیں 2545ڈسپلے سنٹرزقیام کئے گئے ہیں تاکہ تمام اہل ووٹرزکے انتخابی فہرستوں میں اپنے نام کااندراج،ووٹ کی تبدیلی،اخراج یادیگرکوائف کی درستگی کرواسکے۔انہوںنے کہاکہ الیکشن کمیشن اس سلسلے میں قومی سطح پرعوامی بیداری کی ایک جامعہ مہم بذریعہ ذرائع ابلاغ اورقومی وعلاقائی اخبارات کے ذریعے بھی چلارہاہے۔

صوبائی الیکشن کمشنرنے کہاکہ ملک بھرکی طرح خیبرپختونخوا اورفاٹا میں بھی یہ عمل جاری ہے اس مقصدکیلئے 12239تصدیق کنندہ گان،19سوسپروائزرمقررکئے گئے ہیںجنہوںنے 1015334نئے شناختی کارڈ ہولڈرزکی تصدیق کی اور40608رجسٹرڈ ووٹرزکوفہرستوں سے حذف کیا،جس کے بعدانتخابی فہرستوں میں ووٹرزکے تعداد17526420جن میں مردووٹرز10075717اورخواتین ووٹرز7459319تک پہنچ گئی ہے ۔

انہوںنے کہاکہ ڈسپلے مراکز میں عوام کی طرف سے جمع کرائے گئے مختلف فارمزپراعتراضات نمٹانے کیلئے صوبے اورفاٹامیں کل 117ریوائزنگ اتھارٹیزمقررکئے گئے ہیں جوضلعی انتظامیہ کے افسران پرمشتمل ہے۔انہوںنے کہاکہ عوام ناموں کی اندراج کیلئے فارم 15جبکہ درستگی کیلئے فارم 16اورحذف کرنے کیلئے فارم 17استعمال کیاجاسکتاہے اوریہ فارمز متعلقہ ڈسپلے سنٹرمیں مفت دستیاب ہے ۔انہوںنے کہاکہ مئی میں حتمی انتخابی فہرستیں شائع کردی جائیگی جس کے بعد اس میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی جاسکے گی۔