سکھر،مبینہ مقابلہ،سراج درانی کے بھانجے کے اغوا کا ملزم ہلاک

جمعہ 30 مارچ 2018 21:39

سکھر،مبینہ مقابلہ،سراج درانی کے بھانجے کے اغوا کا ملزم ہلاک
سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مارچ2018ء) سکھر میں مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک، جبکہ 3فرار ہوگئے۔مارے جانے والے ڈاکو نے 2016 میں اسپیکرسندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے بھانجے کو اغوا کرکے 60 لاکھ روپے تاوان وصول کیا تھا۔ترجمان ایس ایس پی سکھر کے مطابق قومی شاہراہ پر تھانہ سانگی کی حدود میں ناکہ بندی کے دوران پولیس پر چار ملزمان نے فائرنگ کی، پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا جبکہ اس کے 3ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

(جاری ہے)

مارے جانے والے ڈاکو کی شناخت ممتاز عرف شکور عرف منڈو شیخ کے نام سے ہوئی ہے۔ڈاکو گزشتہ سال بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سینیٹر ہیمن داس کے بیٹے کے اغوا میں ملوث تھا، ملزم نے سینیٹر کے بیٹے کو 90 لاکھ تاوان کی ادائیگی کے بعد رہا کیا تھا۔ہلاک ہونے والا ڈاکو دو سال قبل 2016 میں اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے بھانجے نوید عرف نومی کے اغوا میں بھی ملوث تھا جسے 60 لاکھ تاوان کی ادائیگی کے بعد رہا کیا گیا تھا۔مذکورہ ڈاکو کے خلاف اغوا برائے تاوان، ڈکیتی، چوری، اقدام قتل اور پولیس مقابلوں سمیت 42 سے زائد مقدمات درج ہیں۔

متعلقہ عنوان :