نوازشریف، مریم نواز اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف توہین عدالت کی درخواستوں پر سماعت کے لیے فل بینچ تشکیل دیدیا گیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 31 مارچ 2018 14:31

نوازشریف، مریم نواز اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف توہین عدالت ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔31مارچ۔2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم میاں نوازشریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سمیت دیگر کے خلاف توہین عدالت کی درخواستوں پر ازسر نو فل بینچ تشکیل دے دیا ہے۔لاہور ہائیکورٹ میں نوازشریف، مریم نواز ،شاہد خاقان عباسی سمیت دیگر لیگی راہنماﺅں کے خلاف سپریم کورٹ کے فیصلے پر تنقید کرنے پر توہین عدالت کی ایک درجن سے زائد درخواستیں دائر کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

لاہور ہائیکورٹ کے دو سنگل بینچز کے روبرو یہ درخواستیں زیر سماعت تھیں تاہم جسٹس مظاہر نقوی نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے معاملہ اہم نوعیت کا ہونے کے باعث اس پر فل بینچ بنانے کی درخواست کی تھی۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس یاور علی نے فل بینچ تشکیل دیا تھا تاہم بینچ کے ایک رکن جسٹس شاہد حسن بلال کا تبادلہ ملتان بینچ میں ہونے کے باعث یہ بینچ ٹوٹ گیا۔چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ نے ان درخواستوں پر جسٹس مظاہر اکبر نقوی کی سربراہی میں نیا فل بینچ تشکیل دے دیا ہے جس میں جسٹس شاہد بلال کی جگہ شاہد مبین کو شامل کیا گیا ہے جبکہ جسٹس عاطر محمود بھی بینچ کا حصہ ہیں۔