کاشتکاروں اور زمینداروں کی ا ے سی کوہاٹ سے ملاقات

ہفتہ 31 مارچ 2018 17:55

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مارچ2018ء)کلوچنہ بانڈہ اور میر احمد خیل کوہاٹ کے زمینداروں اورکاشتکاروں کے ایک نمائندہ وفد نے اسسٹنٹ کمشنر کوہاٹ محترمہ گل بانو سے ملاقات کی اور انہیںمقامی زمینداروں اور کاشتکاروں کو آبپاشی کے درپیش اہم مسئلے سے تفصیلاً آگاہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ ایریگیشن چینل میں پانی کا بہاؤ ہر صورت ممکن بنایا جائے کیونکہ موجودہ خشک سالی کی وجہ سے 400ایکڑ سے زیادہ اراضی تباہی کے دھانے پر ہے۔

(جاری ہے)

گل بانو نے حالات کا بذات خود جائزہ لینے کے لئے ایکسین ایریگیشن کے ہمراہ سائیٹ کا معائنہ کیا اور زمینداروں اور کاشتکاروں کے مسائل و مشکلات سے آگاہی حاصل کی۔بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنرنے اس اہم مسئلے کا مستقل اور پائیدار حل نکالنے کے لئے ڈپٹی کمشنر کوہاٹ خالد الیاس کے ساتھ خصوصی نشست کا انعقاد کیا اوراس سلسلے میں اپنی سفارشات اور تجاویز پیش کیں۔ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر کہا کہ زراعت ہماری معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے لہذا ضلعی انتظامیہ قابل کاشت اراضی کو خشک سالی سے بچانے کے لئے ہرممکن اقدام کرے گی اور اس سلسلے میں صوبائی حکومت سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔