کپاس کی اچھی پیداوار حاصل کرنے کیلئے میرازمین کاانتخاب کریں ، محکمہ زراعت

ہفتہ 31 مارچ 2018 17:58

ملتان۔31 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مارچ2018ء)محکمہ زراعت پنجاب ملتان کے ترجمان نے کہا ہے کہ کپاس کی اچھی پیداوار حاصل کرنے کے لئے ایسی زرخیز میرا زمین بہتر رہتی ہے جو تیاری کے بعد بھربھری اور دانے دار ہو جائے۔ اس میں نامیاتی مادہ کی مقدار بہتر ہو، پانی زیادہ جذب کرنے اور دیر تک وتر قائم رکھنے کی صلاحیت بھی موجود ہو۔ زمین کی نچلی سطح سخت نہ ہو تاکہ پودوں کی جڑوں کو نیچے اور اطراف میں پھیلنے میں دشواری نہ آئے۔

اس مقصد کے حصول کیلئے زمین میں ہر تین سال بعد ایک مرتبہ گہر ا ہل ضرور چلائیں اور پانی کے ضیاع کو کم کرنے اور فصل کی بہتر پیداوار کے حصول کیلئے لیزر لینڈ لیولر سے زمین ہموار کریں تاکہ پودوں کی جڑیں آسانی سے گہرائی تک جاسکیں اور وتر دیر تک قائم رہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے مزید کہا کہ پچھلی فصلات کی باقیات کو ہرگز نہ جلائیں بلکہ اس مقصد کے لئے روٹا ویٹر، ڈسک ہیرو یا مٹی پلٹنے والا ہل استعمال کریں تاکہ بوائی میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔

فصل کی بوائی سے 30دن قبل سبز کھاد کے طور پر استعمال ہونے والی فصلا ت کو وتر زمین میں دبا دیا جائے اور کھیت میں دبانے کے 10 دن کے اندر اندر پانی لگا دیا جائے تاکہ سبز کھاد اچھی طرح گل سڑجائے۔ گلنے کے عمل کو تیز کرنے کے لئے فصل کو زمین میں دباتے وقت آدھی بوری یوریا فی ایکڑ ڈالیں۔