کسانو ں کی ترقی اور خوشحالی زرعی ترقیاتی منصوبوں سے وابستہ ہے، سیکرٹری زراعت

ہفتہ 31 مارچ 2018 20:53

ملتان۔31 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مارچ2018ء)محمد محمود سیکرٹری زراعت پنجاب نے کہا ہے کہ کسانو ں کی ترقی اور خوشحالی زرعی ترقیاتی منصوبوں سے براہ راست وابستہ ہے۔ ان منصوبوں کی بروقت تکمیل ہی اصل میں کسان کی خدمت ہے۔ محکمہ کے تمام افسران ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائیں۔ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خادم اعلیٰ کسان پیکیج جسد زراعت میں تازہ خون مہیا کرنے کا اہم سبب ہے۔

اس پیکیج سے کسانوں کو بھرپور فائدہ پہنچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ فرض شناسی اور اپنی ذمہ داریاں بروقت ادا کرکے ہی ہم کسانوں کو مذکورہ پیکیج سے فائدہ پہنچاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام پر عمل درآمد بروقت یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت اور کوتاہی کا مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔

دیانتداری سے فرائض انجام دینے والے افسران کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ ترقیاتی منصوبوں پر میں خود گہری نظر رکھے ہوئے ہوں اور ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے کوشاں ہوں۔ انھوں نے مزید کہا کہ زراعت کو منافع بخش شعبہ بنانے کیلئے ہمیں جدید رحجانات کے مطابق چلنا ہو گا۔ اس وقت کاشتکاروں کو زیادہ سے زیادہ رقبہ پر کپاس کاشت کرکے ملکی معیشت کا تحفظ کرنا چاہیے کیونکہ کپاس کسان کا سیونگ اکائونٹ ہے اور اس کی زیادہ پیداوار سے ہی ملکی معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہوگی۔

سیکرٹری زراعت نے یہ بھی کہا کہ کپاس کی بھرپور پیداوار لینے کیلئے محکمہ زراعت کا تمام عملہ فیلڈ میں نکل کر کسان کے شانہ بشانہ کھڑے ہوکر اپنا کام سر انجام دے گا اور اس ضمن میں محکمہ کے عملے کی کوئی بھی کوتاہی ناقابلِ برداشت ہوگی۔