تحریک پاکستان کے ممتاز رہنما میاں حیات بخش مرحوم نے 1935ء میں قائد اعظم محمد علی جناح کے راولپنڈی میں پہلے خطاب کا اہتمام کیا اور راولپنڈی میں آل انڈیا مسلم لیگ کی شاخ کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا

ملک کے ممتاز دانشوروں اور رہنمائوں کا مرحوم کی 26 ویں برسی کے موقع پر زبردست الفاظ میں خراج عقیدت

ہفتہ 31 مارچ 2018 23:16

تحریک پاکستان کے ممتاز رہنما میاں حیات بخش مرحوم نے 1935ء میں قائد اعظم ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مارچ2018ء) تحریک پاکستان کے ممتاز رہنما میاں حیات بخش مرحوم نے 1935ء میں قائد اعظم محمد علی جناح کے راولپنڈی میں پہلے خطاب کا اہتمام کیا اور راولپنڈی میں آل انڈیا مسلم لیگ کی شاخ کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا،ان خیالات کا اظہار ملک کے ممتاز دانشوروں اور رہنمائوں نے انجمن فیض السلام راولپنڈی کے سابق صدر انجینئر میاں حیات بخش مرحوم کو ان کی 26 ویں برسی کے موقع پر زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کیا،اس حوالے سے کوآرڈینیشن کونسل آف سوشیو کلچر اور راولپنڈی اسلام آباد کے تعلیمی اداروں کی طرف سے خصوصی تعزیتی ریفرنس بھی منعقد کئے گئے اور قومی زندگی کے مختلف شعبوں میں ان کی گراں قدر خدمات کو سراہا گیا،مقررین نے کہا کہ میاں حیات بخش مرحوم نے برصغیر کے جنوب ایشیائی شمال مغربی علاقوں میں تحریک پاکستان کے آغاز میں کلیدی کردار ادا کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے پوٹھوہار خطہ میں تعلیم کے فروغ کیلئے تعلیمی اداروں کے قیام، آگاہی کے پروگراموں کے ذریعے معاشرتی تشکیل اور ترقی، راولپنڈی اور گردونواح میں تقسیم ہند کے وقت آنے والے ہزاروں مہاجرین کی بحالی اورآبادکاری کیلئے اجتماعی کوششیں کیں۔ بعدازاں پاکستان کے تمام علاقوں سے بے سہارا اور یتیم بچوں کو سائباں، ضروریات زندگی ،اخلاقی، تعلیمی اور تکنیکی تربیت فراہم کرکے انہیں معاشرے کا مفید شہری، باعمل مسلمان اور معتدل انسان بنانے کیلئے کردار ادا کیا۔ ان کی انہی کثیر الجہت قومی خدمات کے اعتراف میں عوام نے انہیں سر سید آف پوٹھوہار کے خطاب سے نوازا۔