پاکستان کی بھارتی قابض فوجیوں کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں طاقت کا وحشیانہ اور اندھا دھند استعمال کر کے نوجوانوں کے قتل عام کی مذمت

عالمی برادری مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے بنیادی انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر اور منظم خلاف ورزیوں کا سنجیدگی سے نوٹس لے ،ْترجمان دفتر خارجہ کا مطالبہ

اتوار 1 اپریل 2018 22:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اپریل2018ء) پاکستان نے بھارتی قابض فوجیوں کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں طاقت کا وحشیانہ اور اندھا دھند استعمال کر کے نوجوانوں کے قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی برادری مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے بنیادی انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر اور منظم خلاف ورزیوں کا سنجیدگی سے نوٹس لے۔

اتوار کو دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے بنیادی انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر اور منظم خلاف ورزیوں کا سنجیدگی سے نوٹس لے۔ترجمان نے عالمی برادری پر مسئلہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق منصفانہ اور پائیدار حل میں بھرپور کردار ادا کرنے پر زور دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بے دریغ قتل عام سے کشمیریوں کے خلاف کئی دہائیوں سے جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کا بھیانک چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے۔دفتر خارجہ کے ترجمان ن یکہا کہ بے گناہ کشمیریوں کیخلاف ظالمانہ کارروائیاںخصوصاً مظاہرین پر پیلٹ گن کے استعمال اور انٹرنیٹ سروسز کی معطلی کی بھی اطلاعات ہیں۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے بار بار کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو کمزور کرنے کیلئے کشمیری نوجوانوں کو جان بوجھ کر اور منظم انداز میں نشانہ بنا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قابض فوجیوں کی ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے کشمیریوں کا جذبہ مزید مضبوط ہوتا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے کشمیریوں کی اپنی جائز جدوجہد آزادی کو دہشت گردی کے طور پر پیش کرنے کا مذموم پروپیگنڈہ عالمی برادری کو گمراہ نہیں کرسکتا۔