محمد نواز شریف اور ان کا خاندان پاکستان میں رہیں گے،مقدمات کا بہادری کے ساتھ سامنا کریں گے،سینیٹر ڈاکٹر آصف کرمانی کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

اتوار 1 اپریل 2018 23:50

اسلام آباد ۔ یکم اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اپریل2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا ہے کہ محمد نواز شریف اور ان کا خاندان پاکستان میں رہیں گے اور اپنے اوپر دائر کیسز کا بہادری کے ساتھ سامنا کریں گے،وہ آج بھی ملک کے مقبول ترین سیاسی رہنما ہیں جن کے خلاف بدعنوانی کا کوئی ایک بھی مقدمہ ثابت نہیں ہوا۔

اتوار کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف کو ملکی عوام نے تیسری مرتبہ وزیراعظم منتخب کیا اور ان کے اور ان کے خاندان کے خلاف کرپشن کا کوئی ایک بھی مقدمہ قائم نہیں کیا گیا اور اگر ان کے خلاف بدعنوانی کے حوالے سے کوئی ثبوت موجود ہے تو اسے عدالت کے سامنے پیش کیا جانا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ واجد ضیاء جو کہ محمد نواز شریف کے خلاف سب سے اعلیٰ گواہ تھے نے بھی عدالت کے سامنے یہ اعتراف کیا ہے کہ محمد نواز شریف کا آئی الیون فیلڈز اپارٹمنٹس کے ساتھ کسی قسم کا کوئی تعلق نہیں۔

(جاری ہے)

سینیٹر آصف کرمانی کا کہنا تھا کہ پاکستان ووٹ کی بنیاد پر بنایا گیا اور ملکی بقاء بھی اسی کے ساتھ منسلک ہے۔ انہوں نے مذید کہا کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف ووٹ کی حرمت اور تقدس کے لیے آواز اٹھا رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور چیف جسٹس آف پاکستان کے درمیان ہونے والی ملاقات ایک معمول کی ملاقات تھی اور یہ کہ تمام اداروں کو اپنی آئینی حدود کے مطابق ہی کام کرنا چاہیئے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ عدالتیں نواز شریف اور ان کے خاندان کو انصاف فراہم کریں گی۔ انہوں نے مذید کہا کہ امن و محبت ملک کی اشد ضرورت ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے اور یہ میرٹ پر ہونے چاہیئں۔ انہوں نے مذید کہا کہ ہم پرعزم ہیں کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) پورے ملک سے اکثریت کے ساتھ اگلے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی۔