بھارت منفی ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کی آواز کو نہیں دبا سکتا۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی جاری‘شہداءکی تعداد20ہوگئی ‘آج وادی میں مکمل ہڑتال ہوگی-حریت کانفرنس

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 2 اپریل 2018 11:05

بھارت منفی ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کی آواز کو نہیں دبا سکتا۔وزیراعظم ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔02اپریل۔2018ء) وزیر اعطم شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ بھارت منفی ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کی آواز کو نہیں دبا سکتا۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت منفی ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کی آواز کو نہیں دبا سکتا اور کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دہشت گردی قرار نہیں دیا جا سکتا، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کشمیر کے لیے خصوصی نمائندہ مقرر کریں گے‘ بھارت اقوام متحدہ فیکٹ فائنڈنگ مشن کو مقبوضہ کشمیر جانے دے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کشمیریوں کے قتل عام پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت منفی ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کی آواز کو نہیں دبا سکتا،عوام کی جدوجہد آزادی کو دہشت گردی سے نہیں جوڑا جاسکتا، ظلم اور جبر سے حق خودارادیت کی جدوجہد کو روکنا ممکن نہیں۔

(جاری ہے)

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے دہشت گردی کے نتیجے میں بے گناہ کشمیریوں کی شہادت کی مذمت کرتے ہوئے وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بد ترین ریاستی دہشت گردی میں کشمیریوں کو خون میں نہلا دیا گیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پغام میں وزیرخارجہ نے کہا کہ کشمیر کو خون میں نہلا دیا گیا ہے، درجنوں بیٹے شہید کردیئے گئے۔خواجہ آصف نے کہا کہ کشمیری لاشیں گن رہے ہیں اور جوان جنازے اٹھا رہے ہیں، بھارتی ریاستی دہشت گردی کشمیری نوجوان نسل ختم کرنے کے درپے ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری خون عالمی ضمیر کو جنجھو ڑ رہا ہے جبکہ پاکستان اس آزمائش میں کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بھارتی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیا ہے۔ اپنے بیان میں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ بھارتی افواج نے مقبوضہ کشمیر میں بربریت اور درندگی کی انتہا کر دی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی ظلم و ستم نے دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کی دعوے دار ریاست کا گھناﺅنا چہرہ بے نقاب کر دیا ہے۔

وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ بھارتی افواج مقبوضہ کشمیرکے حریت پسند عوام سے ہار چکی ہے۔وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی افواج کے ظلم و بربریت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی افواج مقبوضہ کشمیرکے حریت پسند عوام سے ہار چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ نہتے کشمیریوں کاخون بہا کر بھارت ان کی تحریک کودبا نہیں سکتا۔

دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز کی ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے اورشہداکی تعداد20 ہوگئی ،100 سے زائد زخمی ہیں جبکہ 3 بھارتی فوجی بھی مارے گئے۔بھارتی فورسز نے ضلع شوپیاں اور اسلام آباد میں سرچ آپریشن کے دوران 13کشمیری نوجوانوں کو جعلی مقابلے میں شہید کیا۔بھارتی جارحیت کے خلاف نکلنے والے کشمیری مظاہرین پر بھارتی فورسز نے گولیاں برسائیں اور پیلٹ گنوں کا استعمال کیا جس سے مزید کشمیری شہید اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے اور 4ہسپتال زخمیوں سے بھرگئے۔بھارتی مظالم کے خلاف حریت راہنماﺅں کی کال پر وادی میں مکمل ہڑتال کی گئی، جو آج بھی جاری رہے گی، وادی کے جنوبی اضلاع میں انٹرنیٹ اور ٹرین سروسز بھی بند ہیں۔

متعلقہ عنوان :