بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کی تمام حدیں پار کرلیں

بھارت منصوبہ بند طریقے سے اسرائیلی طرز پر کشمیری قوم کی نسل کشیُ کرکے کشمیر کی سرزمین کو قبرستان میں تبدیل کر رہا ہے نہتے کشمیری نوجوانوں کے خون سے ہولی کھیلی جارہی ہے کیونکہ ان کا واحد گناہ بھارتی جبری تسلط سے آزادی مانگنا ہے آزادی پسند رہنمائوں اور تنظیموں کی طرف سے نہتے کشمیریوں کے قتل عام کی شدید مذمت

پیر 2 اپریل 2018 11:45

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اپریل2018ء) مقبوضہ کشمیر میں مختلف آزادی پسندر ہنمائوں اور تنظیموں نے بھارتی فوجیو ںکے ہاتھوںشوپیان اور اسلام آباد اضلاع میں17نوجوانوں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سینئر حریت رہنماء مولانا محمد عباس انصاری نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں شہید نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوںنے عام شہریوں پر فورسز کی براہ راست اندھا دھند فائرنگ کو نہتے کشمیریوں کاقتل عام قراردیتے ہوئے کہاکہ بھارت نے کشمیر میں ظلم و بربریت کی تمام حدیں پار کرلی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو خون و خاک میں غلطاں کرنا جمہوری اقدار کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے جس سے بھارت کی نام نہاد جمہوریت کا پول کھل گیاہے۔

(جاری ہے)

عباس انصاری نے کہاکہ بھارت منصوبہ بند طریقے سے اسرائیلی طرز پر کشمیری قوم کی نسل کشیُ کرکے کشمیر کی سرزمین کو قبرستان میں تبدیل کر رہا ہے۔

حریت رہنمائوں آسیہ اندرابی،انجینئرہلال احمدوار،فردوس احمد شاہ ، شبیر احمد زرگرکے علاوہ نائب مفتی اعظم مفتی ناصر السلام نے بھی اپنے بیانات میں شہید نوجوانوںکو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ نہتے کشمیری نوجوانوں کے خون سے ہولی کھیلی جارہی ہے کیونکہ ان کا واحد گناہ بھارت کے جبری تسلط سے آزادی مانگنا ہے ۔ہائی کورٹ بارایسوسی ایشن نے اسلام آباد کے علاقے دیالگام اور شوپیان میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں سترہ کشمیریوں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے نہتے کشمیریوں کا قتل عام قراردیا ہے۔

بار ایسوسی ایشن نے بھارتی فورسز کے ہاتھوں نہتے کشمیریو کے قتل کو ظلم و بربریت کی واضح مثال قراردیتے ہوئے کہااس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔بار نے اقوام عالم سے کشمیریوں کی حالت زار کا سخت ونوٹس لینے اور بھارت کو اپنی فوج کو لگام دینے کیلئے دبائو بڑھانے کا مطالبہ کیا۔بار ایسوسی ایشن نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مسئلہ کشمیرکے حل کیلئے بھی بھارت پر دبائو ڈالنے پر زودیا۔

امن اور انسانی حقوق کے برطانیہ کے سائوتھ ایشین سینٹر کے چیئرمین پروفیسر نذیر احمد شال اورکشمیرکونسل یورپی یونین کے چیئرمین علی رضا سید نے بھی اپنے بیانات میں شوپیاں اور اسلام آباد کے اضلاع میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے نہتے کشمیریوں کے قتل کی شدید مذمت کی ہے ۔انہوںنے کہاکہ نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں بے گناہ لوگوں کا ماورائے عدالت قتل روزکا معمول بن گیا ہے ۔

انسانی حقوق کی مقامی تنظیم وائس آف وکٹمز کے کوارڈی نیٹرعبدالرئوف خان نے جنوبی کشمیر کے خونین واقعات کو اقوام عالم کیلئے چشم کشا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل اورہیومن رائٹس واچ سمیت دیگر بین الاقوامی اداروں کو کشمیر میں جاری قتل عام کا سنجیدہ نوٹس لینا چاہئے۔انجمن شرعی شیعیان،جماعت اسلامی، نیشنل فرنٹ،جموں وکشمیر پیپلز لیگ ،پیروان ولایت اوردیگر جماعتوںنے بھی اپنے بیانات میںنہتے کشمیریوں کے قتل پر شدید غم و غصہ ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ مسئلہ کشمیرکے بارے میں بھارت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے مقبوضہ علاقے میں نہتے کشمیریوں کا مسلسل قتل عام جاری ہے ۔

انہوںنے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموںسے نہتے کشمیریوں پر مظالم اورانکے قتل عام کا سلسلہ بند کرانے کیلئے بھارت پر دبائو بڑھانے کی اپیل کی ۔

متعلقہ عنوان :