شہادتیں کشمیریوں کو آزادی حاصل کرنے کے مشن سے دور نہیں کر سکتیں،مسلم لیگ کراچی ڈویژن

28 جولائی 2017 ء کے فیصلے نے ملک میں غیر یقینی کے ساتھ دشمن کے حوصلے بھی بلند کر دیئے ہیں،خواجہ طارق نذیر،حاجی شاہجہاں حقیقی لیڈر شپ کو دیوار سے لگانے کا عمل تحریک آزادی کشمیر کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچا سکتا ہے ،عبدالرحیم اعوان ،نور خان اخونزادہ

پیر 2 اپریل 2018 22:13

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اپریل2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری خواجہ طارق نذیر ، نائب صدر حاجی شاہجہان ، لیبر ونگ سندھ کے جنرل سیکرٹری عبدالرحیم اعوان اور جوائنٹ سیکرٹری نور خان اخوندزادہ نے گذشتہ روز مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں کی شہادت پر سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہادتیں کشمیریوں کو آزادی حاصل کرنے کے مشن سے دور نہیں کر سکتیں ۔

28 جولائی 2017 ء کے فیصلے نے جہاں ملک میں غیر یقینی کی فضاء کو پروان چڑھایا ہے ، وہی دشمن کے حوصلے بھی بلند کر دیئے ہیں ۔ حقیقی لیڈر شپ کو دیوار سے لگانے کا عمل تحریک آزادی کشمیر کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچا سکتا ہے ۔ پیر کو جاری بیان میں مسلم لیگی رہنماؤں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے ۔

(جاری ہے)

بھارت ریاستی دہشت گردی کے ذریعہ مظلوم کشمیری عوام کو ان کے حق آزادی سے دور نہیں رکھ سکتا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ مقبوضہ وادی میں کشمیری نوجوانوں کو نام نہاد دہشت گرد کا نام دے کر ماورائے عدالت قتل کا رجحان ایک معمول کی کاروائی بن چکی ہے جس کی آڑ میں بھارتی فوج روزانہ کی بنیاد پر مقبوضہ وادی میں نوجوانوں کو بے دریغ قتل کر رہی ہے اور ہر چند عرصے کے بعد کسی بڑی کاروائی کے نتیجے میں درجنوں کشمیریوں کو شہید کر دیا جاتا ہے۔ درحقیقت بھارتی حکومت اور فوج ایک منظم طریقے سے مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی نسل کشی کررہی ہے تاکہ مقبوضہ کشمیر کی ڈیمو گرافی کو بھارت کے حق میں کیا جاسکے۔

انہوںنے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی کی جارہی ہیں ۔اقوام متحدہ سمیت تمام اداروں اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے ان مظالم پر اپنی آنکھیں کی ہوئی ہیں جو خود ایک المیہ سے کم نہیں ہے ۔انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی فورمز پر اٹھایا ہے اور بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کی ہے ۔

کشمیریوں کی جدوجہد کی اخلاقی اور سفارتی سطح پر ہر طرح کی مدد جاری رکھی جائے گی ۔مسلم لیگی رہنماؤں نے کہا کہ دشمن کو منہ توڑ جواب مقبول ترین اور حقیقی لیڈر شپ ہی دے سکتی ہے ۔ آزادی کے متوالے بھی حقیقی لیڈر شپ کی جانب دیکھ رہے ہیں ۔ اب بھی وقت ہے کہ ہم ہوش کے ناخن لیں اور حقیقی و مقبول ترین لیڈر شپ کو مائنس کرنے کے عمل کو خیر باد کہہ کر پھر سے امن ، ترقی اور خوش حالی کے سفر پر دوبارہ گامزن ہو جائیں ۔

متعلقہ عنوان :