پروفیشنل سکواش ایسوسی ایشن نے تین شہروں میں 20 ہزار ڈالر سے 70 ہزار ڈالر تک تین ایونٹس کی میزبانی پاکستان کو سونپ دی، کراچی اور لاہور میں گیارہ سال بعد بین الاقوامی مقابلے بحال

منگل 3 اپریل 2018 10:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اپریل2018ء) پروفیشنل سکواش ایسوسی ایشن (پی ایس ای) نے تین شہروں میں 20 ہزار ڈالر سے 70 ہزار ڈالر تک تین ایونٹس کی میزبانی پاکستان کو دی۔ یہ تینوں ایونٹس رواں سال کے آخری چار مہینوں میں کھیلے جائیں گے، کراچی اور لاہور میں گیارہ سال بعد بین الاقوامی مقابلے بحال ہو رہے ہیں۔ پاکستان سکواش فیڈریشن کے گیم ڈویلپمنٹ آفیسر فلائٹ لیفٹیننٹ عامر اقبال نے منگل کو ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ فیڈریشن نے پی ایس اے ایونٹ کی میزبانی کیلئے پروفیشنل سکواش ایسوسی ایشن کو مراسلہ بھجوایا تھا۔

انہوں نے اسلام آباد، کراچی اور لاہور میں سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا جس کے بعد انہوں نے پاکستان کو 20 ہزار ڈالر سے لے کر 70 ہزار ڈالر کے تین ایونٹس کی میزبانی دی ہے۔

(جاری ہے)

تینوں ایونٹس رواں سال ستمبر سے دسمبر کے دوران کھیلے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان ایونٹس میں دنیا بھر کے نامور کھلاڑی شرکت کریں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان سکواش فیڈریشن نامور کھلاڑیوں کو بھی میدان میں اتارے گی تاکہ قومی کھلاڑیوں کی عالمی رینکنگ میں مزید بہتری اور نکھار آ سکے۔

عامر اقبال نے کہا کہ اسلام آباد میں پی ایس اے کے مقابلے پہلے سے بحال ہو چکے ہیں تاہم کراچی اور لاہور میں کافی عرصہ بعد پی ایس اے کے مقابلے ہوں گے جو کہ ہمارے لئے خوش آئند بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سکیورٹی صورتحال بہتر ہونے کی وجہ سے بین الاقوامی مقابلے بحال ہو رہے ہیں جس طرح کراچی اور لاہور میں پی ایس ایل کا کامیابی سے انعقاد کیا گیا اسی طرح پی ایس اے کے مقابلوں میں بھی غیرملکی کھلاڑیوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کریں گے اور توقع رکھتے ہیں کہ یہ ایونٹس بھی کامیابی سے اختتام پذیر ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :